کتاب ہی طالبات کا سب سے بڑا ہتھیار ہے: ضلع کلکٹر پرینکا

نارائن پیٹ: 30 ستمبر (اردو لیکس) نارائن پیٹ ضلع کلکٹر پرینکا نے آج مکتھل اسمبلی حلقہ کے اوٹکور منڈل مرکز میں واقع گرلز گروکل اسکول و کالج کا اچانک معائنہ کیا۔ضلع کلکٹر پرینکا نے کہا کہ کتاب طالبات کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے بلند اہداف مقرر کریں اور مستقبل میں اچھے روزگار کے حصول کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کریں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے خود اعتمادی اور معاشی خودمختاری حاصل کی جاسکتی ہے اور کسی پر انحصار کیے بغیر اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے طالبات کو مسلسل محنت کرنی چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے جماعتوں، ڈارمیٹری، بیت الخلاء، کچن اور اسٹور روم کا معائنہ کیا۔
اسٹور روم میں موجود مونگ پھلی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں کلکٹر نے طالبات سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کی تعلیمی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور مختلف سوالات پوچھ کر ان کی معلومات اور تعلیمی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم پر مکمل توجہ مرکوز کرتے ہوئے روزانہ نئی چیزیں سیکھیں اور دوسروں سے نہیں بلکہ خود سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے دو سال پوری محنت اور توجہ سے تعلیم حاصل کرنے کی صورت میں زندگی بھر اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا موقع فراہم کرسکتے ہیں۔ طالبات ابھی سے اپنے مستقبل کے اہداف طے کریں اور یہ منصوبہ بنائیں کہ انہیں کون سا روزگار حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے سرکاری ملازمت کے حصول کو ہدف بناکر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے کی بھی تلقین کی۔
کلکٹر نے عہدیداروں اور اساتذہ کو ہدایت دی کہ طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر ماحول اور ضروری سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے پرنسپل اور معلمات سے کہا کہ گروکل اسکول و کالج میں زیر تعلیم طالبات کو اپنی اولاد سمجھتے ہوئے ان کی تعلیمی ترقی اور بہبود کے لیے کام کریں۔ اس موقع پر مکتھل میونسپل کمشنر راجیا اور گروکل اسکول و کالج کی معلمات موجود تھیں۔



