انٹر نیشنل

ہائی جیک کا الرٹ ملتے ہی مچی کھلبلی -اسرائیلی جنگی طیارے حرکت میں؛ پھر سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ؛ فلائی دبئی کی پرواز میں آخر ہوا کیا؟

حیدراباد -30ستمبر ( اردو لیکس ڈیسک) دبئی کی فلائی دبئی ایئرلائن کے ایک طیارے کے ہائی جیک ہونے کا کوڈ الرٹ موصول ہوتے ہی حکام میں تشویش پھیل گئی۔ تاہم بعد میں طیارے نے سعودی عرب میں بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کے روز شدید تشویش کا باعث بنا۔ تاہم اصل میں کیا ہوا، اس بارے میں ابھی مکمل وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق چہارشنبہ کے روز فلائی دبئی کا ایک طیارہ دبئی سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے لیے روانہ ہوا۔ طیارے میں تقریباً 200 مسافر سوار تھے، جن میں زیادہ تر اسرائیلی شہری تھے۔ FZ1073 نامی بوئنگ 737 میکس 8 طیارے نے دبئی سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد اسرائیلی کنٹرول روم کو 7700 کوڈ بھیجا۔ یہ کوڈ طیارے میں کسی ہنگامی صورتحال کی صورت میں استعمال کیا جاتا ہے۔

 

اس کے چند لمحوں بعد طیارے سے 7500 کوڈ بھیجا گیا۔ یہ کوڈ اس وقت استعمال ہوتا ہے جب طیارے میں غیر قانونی سرگرمی یا ہائی جیکنگ جیسی صورتحال پیش آئے۔ یہ کوڈ موصول ہوتے ہی دبئی اور اسرائیل میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

 

اسرائیل نے طیارے کی مدد اور مسافروں کی حفاظت کے لیے دو جنگی طیارے بھی روانہ کردیئے۔ تاہم کچھ دیر بعد فلائی دبئی کا مسافر طیارہ سعودی عرب کی جانب روانہ ہوگیا اور وہاں تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ طیارے کا تعاقب کرتے ہوئے آنے والے اسرائیلی جنگی طیارے بھی تبوک ایئرپورٹ پر اتر گئے۔

 

اطلاعات کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے طیارے کے ہائی جیک ہونے کی خبر کو مسترد کردیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق طیارہ اڑانے والے پائلٹوں کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا تھا، جس کے باعث غلطی سے ہنگامی کوڈز بھیج دیئے گئے۔

 

تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مکمل تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آنے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا دفتر اور فوج بھی اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button