انٹر نیشنل

فلائی دبئی طیارہ نہیں ہوا ہائی جیک – پائلٹوں میں ہوا جھگڑا ؛ چاقو کے حملہ میں ایک زخمی؛ 34 ہزار فٹ سے طیارہ کو سعودی عرب اتارنا پڑا

دبئی سے اسرائیل کے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز نے سعودی عرب کے تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ اسی دوران کنٹرول روم کو طیارہ ہائی جیک ہونے کا کوڈ الرٹ موصول ہوا، جس سے ہائی جیکنگ کی خبریں پھیل گئیں۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق معاملہ کاک پٹ میں پائلٹ اور کو پائلٹ کے درمیان جھگڑے سے پیدا ہوا۔

 

بتایا گیا ہے کہ دونوں کے درمیان تنازع کے دوران ہائی جیک الرٹ کوڈ بھیجا گیا۔ اس وقت طیارہ 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا، لیکن حالات بگڑنے کے بعد یہ تقریباً 17,400 فٹ کی بلندی تک نیچے آگیا۔

 

اطلاعات کے مطابق کو پائلٹ نے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کیا، جس سے پائلٹ شدید زخمی ہوگیا اور خون بہنے لگا۔ پائلٹ کی چیخیں سن کر بعض مسافر کاک پٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور کو پائلٹ کو قابو کرلیا۔ مسافروں کے مطابق کاک پٹ میں کافی خون بہہ رہا تھا۔

 

یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ایک پائلٹ نے طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی، جسے دوسرے پائلٹ نے روکنے کی کوشش کی۔ خوش قسمتی سے طیارے میں پائلٹوں کی دوسری ٹیم بھی موجود تھی۔ اس ٹیم نے کنٹرول سنبھالتے ہوئے طیارے کو سعودی عرب کے تبوک میں ہنگامی طور پر اتار لیا۔

 

اطلاعات کے مطابق دونوں پائلٹوں میں سے ایک کا تعلق عمان سے ہے۔ اسرائیل جانے والی پرواز کا سعودی عرب میں اترنا ایک غیر معمولی واقعہ ہے، کیونکہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ واقعے کے دوران اسرائیل نے فلائی دبئی کی پرواز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے دو جنگی طیارے بھی روانہ کیے۔

 

ہنگامی صورتحال کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے میں کسی دہشت گردانہ سازش کا کوئی پہلو ہے یا نہیں، اس کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button