اے ایم ای آئی کا بیسٹ ٹیچر ایوارڈ: تلنگانہ کے اقلیتی اسکولوں کے بہترین اساتذہ کی خدمات کا اعتراف

حیدرآباد، 30 ستمبر 2026:اساتذہ کسی معاشرے کے محض معلم نہیں بلکہ نسلوں کے کردار، فکر اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ اسی احساس کے ساتھ اسوسی ایشن آف مینارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشینس (AMEI) نے تلنگانہ کے میناڑٹی بجٹ اسکولس کے منتخب بہترین اساتذہ کی خدمات کے اعتراف میں بسٹ ٹیچر ایوارڈ 2026 پیش کیے۔ تقریب بھاسکر آڈیٹوریم، برلا پلانیٹوریم، حیدرآباد میں منعقد ہوئی، جس میں ممتاز شخصیات، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور اساتذہ نے شرکت کی۔
اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم ای آئی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد ساجد علی نے اساتذہ کو اسکول کا سب سے اہم وسیلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدلتے دور میں مکالماتی تدریس، جستجو، تخلیق، عملی اطلاق اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو AI یعٰنی مصنوعی ذہانت کو تدریس میں مؤثر طور پر بروئے کار لانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے اسکولوں کے لیے اے آئی سے ہم آہنگ اساتذہ، قیادت اور تدریسی نظام ناگزیر ہیں۔
اے ایم ای آئی کے صدر جناب انور احمد نے کہا کہ تنظیم کا مقصد اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور باصلاحیت اقلیتی طلبہ کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ایوارڈ یافتہ اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس اعزاز کو نئی ذمہ داری اور عزم کے ساتھ طلبہ اور اسکول کے تعلیمی ماحول میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنائیں۔ ان کے مطابق استاد کا حقیقی اعزاز طلبہ کی کامیابی اور ان کی دعائیں ہیں۔
مہمانِ اعزاز جناب سید عمر جلیل ریٹائرڈ آئی اے ایس،نے اساتذہ کو قوم سازی کی بنیادی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا اثر بچوں کے ذہن اور شخصیت پر طویل عرصے تک قائم رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کے اساتذہ مشکل حالات میں خدمات انجام دیتے ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف ضروری ہے۔
مہمانِ خصوصی جناب جعفر حسین معراج، رکن اسمبلی یاقوت پورہ نے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف اعزاز نہیں بلکہ اساتذہ کی خدمات کا اعترافِ ہے۔ انہوں نے کووڈ کے دوران اساتذہ کی آن لائن تدریس، مختلف مزاج رکھنے والے بچوں کی تربیت اور خصوصی ضروریات رکھنے والے طلبہ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کا اثر انسان کی زندگی میں دیرپا ہوتا ہے اور طلبہ کی کامیابی کے پیچھے اساتذہ کی محنت بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
AMEI تلنگانہ کے مائنارٹی تعلیمی اداروں کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے، ان کے تعلیمی، انتظامی اور قانونی مسائل کی نمائندگی کرنے، اداروں کے معیار کو بہتر بنانے اور اقلیتی طلبہ کے لیے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے کام کر رہی ہے۔
تقریب کے دوران اے ایم ای آئی سے وابستہ 65 رکن اسکولوں کے 130 اساتذہ کو ان کی مثالی تعلیمی خدمات اور تدریسی وابستگی کے اعتراف میں بیسٹ ٹیچر ایوارڈ 2026 پیش کیے گئے۔ اس موقع پر مدعو ممتاز ماہرِ تعلیم محترمہ الفیہ حسین، معزز مہمانوں اور اے ایم ای آئی کے عہدیداران نے ایوارڈ یافتہ اساتذہ کو اعزازات پیش کیے۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں کنوینر سید احمد اور کو کنوینر عامر حسین نے اہم ذمہ داریاں انجام دیں
جبکہ اے ایم ای آئی کے نائب صدر وقار احمد خالد نے انتظامی امور کی نگرانی اور پروگرام کی ترتیب و تنظیم میں فعال کردار ادا کیا۔ اے ایم ای آئی کے ٹریزرر ڈاکٹر محمد انور نے بھی تقریب کے انتظامات اور انعقاد میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔




