مرد حکام نے میری تلاشی لی، مجھے واش روم تک جانے نہیں دیا گیا۔ خاتون ہندوستانی تاجر کو امریکی ایر پورٹ پر تلخ تجربہ

نئی دہلی: نوجوان ہندوستانی خاتون تاجر شروتی چترویدی کو امریکہ میں ایک تلخ تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا الزام ہے کہ الاسکا ایئرپورٹپر ایف بی آئی حکام نے انہیں 8 گھنٹوں تک ناحق حراست میں رکھا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مرد حکام نے ان کی تلاشی لی حتیٰ کہ واش روم جانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
اس تعلق سے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اس تعلق سے ایک پوسٹ کیا ۔شروتی کے مطابق ان کے ہینڈ بیگ میں موجود پاور بینک کے مشتبہ محسوس ہونے پر الاسکا کے اینکریج ایئرپورٹ پر سیکیورٹی حکام نے انہیں روکا۔ انہوں نے لکھا "مجھے 8 گھنٹوں تک ایک سرد کمرے میں رکھا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں ایک مرد ملازم نے میری تلاشی لی۔ مجھے کہا گیا کہ جو گرم کپڑے میں نے پہنے تھے انہیں بھی اتار دوں۔ میرا موبائل فون، والیٹ،سب کچھ لے لیا گیا۔
مجھے واش روم جانے تک کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی کو ایک کال کرنے کی اجازت ملی، ان سب وجوہات کی بنا پر میری پرواز چھوٹ گئی۔”انہوں نے یہ پوسٹ مرکزی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر اور وزارتِ خارجہ کو بھی ٹیگ کیا۔
شروتی نے بتایا کہ وہ 30 مارچ کو الاسکا پہنچی تھیں اور وہاں کئی مقامات کی سیر کی واپسی کے دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔