شادی مبارک اسکیم کے چیکس مستحق خاندانوں میں تقسیم، عتیق الرحمن کی نمائندگی رنگ لائی
عادل آباد، 9/ مئی(اردو لیکس) عادل آباد کے محلہ شانتی نگر وارڈ نمبر 35 کے اقلیتی قائد عتیق الرحمن کی کامیاب نمائندگی اور مسلسل کوششوں کے نتیجہ میں وارڈ سے تعلق رکھنے والے سید لطیف اور فیروز خان کی لڑکیوں کے لئے حکومت کی “شادی مبارک” اسکیم کے چیکس ایک سرکاری تقریب کے دوران حوالے کئے گئے
۔اس موقع پر مستحق خاندانوں میں خوشی کی لہر دیکھی گئی۔ چیکس حاصل کرنے کے بعد افراد خاندان نے عتیق الرحمن سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی نمائندگی، رہنمائی اور تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔مقامی عوام نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو حقیقی مستحقین تک پہنچانے میں عوامی نمائندوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے اور عتیق الرحمن نے عوامی مسائل کی یکسوئی میں ہمیشہ دلچسپی لی ہے
۔اس موقع پر عتیق الرحمن نے کہا کہ “شادی مبارک” جیسی اسکیمات غریب اور متوسط خاندانوں کے لئے بڑی سہولت ثابت ہورہی ہیں، جس سے لڑکیوں کی شادیوں میں مالی تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔علاقہ کے عوام نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح مستحق خاندانوں کو سرکاری اسکیمات سے فائدہ پہنچانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔



