تلنگانہ کے کاماریڈی میں کار میں گیس بھرنے کے دوران دھماکہ – تین کاریں اور ایک بائیک جل کر خاک
کاماریڈی کار میں گیس بھرنے کے دوران ٹینک دھماکہ، تین کاریں اور ایک بائیک جل کر خاک کوئی جانی نقصان نہیں

کاماریڈی9 مئی (سیدکوثرعلی کی رپورٹ)کاروں میں غیر قانونی طور پر گھریلو گیس بھرنے کا سلسلہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کچھ افراد مالی فائدے کے لیے کاروں میں گیس بھر رہے ہیں۔
اسی طرح کا ایک حادثہ تلنگانہ کے کاماریڈی شہر کے دیون پلی علاقے میں ہفتہ کی صبح پیش آیا۔مقامی افراد کے مطابق ایک کار میں سی این جی گیس بھری جا رہی تھی کہ اچانک گاڑی کا ٹینک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں گھنا دھواں پھیل گیا اور گاڑی آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
آگ نے قریب کھڑی مزید دو کاروں اور ایک موٹر سائیکل کو بھی اپنی زد میں لے لیا، جس سے تمام گاڑیاں بری طرح جل گئیں۔ دھماکے کی شدید آواز سن کر مقامی لوگ خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچے اور کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فائر عملہ بروقت نہ پہنچتا تو آگ قریبی گھروں تک بھی پھیل سکتی تھی۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جس پر مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی




