مغربی بنگال کی سرزمین پر پہلی بی جے پی حکومت، سُویندو ادھیکاری نے چیف منسٹر کے طورپر حلف لیا

کولکتہ: مغربی بنگال میں پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت قائم ہوگئی ہے۔ ریاست کے نئے وزیرِ اعلیٰ بی جے پی رہنما سُویندو ادھیکاری نے ہفتہ کے روز حلف لیا۔ کولکتہ کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں شاندار تقریب منعقد ہوئی
جہاں بنگال کے گورنر آر این روی نے سُویندو ادھیکاری کو حلف دلوایا۔اس تقریب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مرکزی وزراء امت شاہ، جے پی نڈا، راج ناتھ سنگھ، رام موہن نائیڈو، این ڈی اے حکومت والی ریاستوں کے
وزرائے اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو، یوگی آدتیہ ناتھ، ریکھا گپتا، بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ 55 سالہ غیر شادی شدہ سُویندو ادھیکاری نے مغربی بنگال کے 9ویں وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے بی جے پی رہنما بن گئے ہیں ۔
ان کے ساتھ بی جے پی رہنما دلیپ گھوش، اگنی مترا پال، اشوک کیرتنیا، نتیش پرمانک اور کشودیرام ٹوڈو نے بھی وزراء کے طور پر حلف لیا۔سُویندو ادھیکاری 15 دسمبر 1970 کو مشرقی مدنی پور ضلع میں پیدا ہوئے۔ وہ 1998 میں ممتا بنرجی کی
قائم کردہ ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے اور جلد ہی ممتا کے قریبی ساتھی بن گئے۔ 2004 میں انہوں نے تملوک سے لوک سبھا انتخاب لڑا لیکن شکست کھائی۔ 2006 میں پہلی بار کانتھی دکشن اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے منتخب ہوئے۔
بعد میں دو بار رکنِ پارلیمان بن کر لوک سبھا پہنچے۔وہ ماضی میں ممتا بنرجی کی کابینہ میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ممتا بنرجی کے قریبی رشتے دار کی وجہ سے اختلافات پیدا ہونے پر انہوں نے 2020 میں ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔
اس کے بعد سے وہ ریاست میں بی جے پی کی قیادت کرتے رہے اور اس سال اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے 2021 کے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام میں اور حالیہ انتخابات
میں بھوانی پور میں ممتا بنرجی کو دو مرتبہ شکست دے کر سنسنی پھیلا دی۔




