مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے بیٹے کے خلاف نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ – جوابی الزام میں لڑکی کے خلاف بلیک میل کا کیس
مرکزی مملکتی وزیر داخلہ اور کریم نگر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کمار کے بیٹے بندی سائی بھگیرتھ کے خلاف حیدراباد کے ایک پولیس اسٹیشن میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لڑکی سوچترا علاقہ میں رہتی ہے اور اس واقعہ کے بعد اس کے گھر والوں نے کیس شہر کے پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں درج کروایا ہے، جس میں بھارتی تعزیرات کی دفعات 74 اور 75 سمیت پوکسو ایکٹ کی دفعہ 11 اور 12 شامل ہیں۔ شکایت میں الزام ہے کہ 17 سالہ نابالغ لڑکی کو مبینہ طور پر شراب پلا کر مختلف مقامات، جن میں معین آباد کا ایک فارم ہاؤس اور دو دیگر جگہیں شامل ہیں، پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
متاثرہ لڑکی کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ اس واقعہ کے باعث ان کی بیٹی دو مرتبہ خودکشی کی کوشش بھی کر چکی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ کیس سے بچنے کے لئے ان کی بیٹی کے خلاف بھی جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ملزم بنڈی سائی بھگیرتھ کے قریبی ذرائع کا مؤقف ہے کہ یہ معاملہ ہنی ٹریپ کا ہے اور مذکورہ لڑکی نے بھگیرتھ کو بلیک میل کرتے ہوئے مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بعد میں 50 ہزار روپے دیے گئے۔ لڑکی اور اس کے گھر والوں کے خلاف بلیک میل اور ہنی ٹریپ کا کریم نگر میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے
تاہم اس دعوے پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں کہ اگر کوئی غلطی نہیں تھی تو رقم کی ادائیگی کیوں کی گئی، جس پر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔واضح رہے که سابق میں بھی مرکزی وزیر کے فرزند کے خلاف ایک نوجوان کو بری طرح زدوکوب کرنے کا الزام عائد ہوا تھا جس کا ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا



