متحدہ عرب امارات کے فجیرہ میں خوفناک سڑک حادثہ، 18 کاریں اور 5 ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، 14 افراد ہلاک، 30 زخمی – مرنے والوں میں ہندوستانی بھی شامل
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ 18 کاروں اور 5 ٹرکوں کے درمیان پیش آیا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کے مطابق، یہ حادثہ چہارشنبہ کی شب تقریباً نصف شب سے کچھ قبل فجیرہ میں داخلے کے مقام پر پیش آیا۔ جمعرات کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ ٹکر کے نتیجے میں دونوں ٹرک سڑک سے اتر کر ٹریفک کی سست رفتار کے باعث رکی ہوئی کئی گاڑیوں سے جا ٹکرائے۔
حادثے کے بعد ایک ٹرک میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق، حادثے کے بعد ہنگامی اور خصوصی امدادی ٹیمیں راحت کاری اور دیگر کارروائیوں میں مصروف رہیں۔
حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 15 افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ دیگر 15 افراد تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے 14 افراد میں اماراتی شہریوں کے علاوہ کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔
وزارت داخلہ نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں متحدہ عرب امارات، عمان، ہندوستان، برازیل، پاکستان، اردن اور مصر کے شہری شامل ہیں۔



