دوحہ قطر کے قریب بحری جہاز پر ڈرون یا میزائل حملہ – جنگ بندی کے دوران اچانک حملہ سے خلیج میں کشیدگی

مغربی ایشیاء کے سمندری علاقے میں ایک بڑے بلک کیریئر جہاز پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ برطانوی فوج کے مطابق یہ حملہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کے قریب اس وقت ہوا جب ایک تجارتی جہاز بڑی مقدار میں کنٹینرز لے کر سفر کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم ڈرون یا میزائل کے ذریعہ جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجہ میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ برطانوی حکام نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔
یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جہاز دوحہ سے تقریباً 23 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود تھا اور نامعلوم ہتھیار کی زد میں آ گیا۔ حملے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی تاہم عملے نے فوری طور پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز پر موجود عملہ محفوظ رہا اور صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ آور کون تھے اور متاثرہ جہاز کس ملک سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ اس پر موجود سامان کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آ سکیں۔
ادھر خطے میں امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جزوی جنگ بندی کے باوجود اس حملے نے خلیج فارس میں سیکیورٹی صورتحال پر نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



