دیوالی کے بعد حیدرآباد کی فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، بعض علاقوں میں اے کیو آئی 995 ریکارڈ
حیدرآباد، 9 نومبر (اردو لیکس) دیوالی کے موقع پر پٹاخوں کے بڑے پیمانے پر استعمال کے نتیجہ میں حیدرآباد شہر کی فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے اور پیر کی صبح کئی علاقوں میں دھوئیں کی موٹی تہہ چھائی رہی۔ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن جیسی شکایات کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی رات تقریباً 9:30 بجے شہر میں پی ایم 2.5 کی سطح 392 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی، جبکہ ایک آن لائن مانیٹرنگ پلیٹ فارم پر شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 509 ریکارڈ کیا گیا۔ مسجد بندہ کے قریب واقع راوی کالونی میں یہ سطح 995 تک پہنچ گئی۔ بنجارہ ہلز، سرینگر کالونی، پنجہ گٹہ، ایس آر نگر، امیرپیٹ اور سومجی گوڑہ جیسے علاقوں میں بھی رات دیر گئے تک پٹاخے پھوڑے جاتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق رات 11:30 بجے شہر کا اوسط اے کیو آئی 442 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرلنگم پلی میں یہ 666 تک پہنچ گیا۔ پیر کی صبح آلودگی کی سطح میں کچھ کمی آئی اور اے کیو آئی 178 ریکارڈ کیا گیا، تاہم پی ایم 10 کی مقدار 113 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر برقرار رہی۔
اس دوران تلنگانہ آلودگی کنٹرول بورڈ کے مانیٹرنگ نظام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آلودگی میں اضافہ کے وقت بعض سرکاری مانیٹرنگ مراکز سے اعداد و شمار دستیاب نہیں تھے اور یونیورسٹی آف حیدرآباد کا مانیٹرنگ اسٹیشن بھی رات 10 بجے تک بند ہوگیا تھا۔ اس لئے انتہائی آلودگی کے بعض اعداد و شمار عوامی آن لائن مانیٹرنگ پلیٹ فارمس سے حاصل کئے گئے ہیں۔




