حیدرآباد سے سنگا پور جانے والے طیارہ میں بم رکھے جانے کی دھمکی

حیدرآباد: شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ کے روز اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایئرپورٹ حکام کو ایک ای میل موصول ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک طیارے میں بم رکھا گیا ہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق سنگاپور ایئرلائنس کی پرواز ایس کیو–519 کو شمش آباد ایئرپورٹ سے صبح 10 بج کر 55 منٹ پر تقریباً 155 مسافروں کو لے کر سنگاپور کے لیے اڑان بھرنی تھی ، تمام سکیورٹی جانچ مکمل ہونے کے بعد مسافر بورڈنگ گیٹ پر طیارے میں سوار ہونے کے لیے انتظار کر رہے تھے۔
اسی دوران ایک نامعلوم شخص کی جانب سے بھجوائے گئے ای میل میں اطلاع دی گئی کہ اس طیارے میں بم رکھا گیا ہے۔ای میل موصول ہوتے ہی ایئرپورٹ سکیورٹی حکام فوراً الرٹ ہو گئے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر طیارے کو ایئر سائیڈ ٹیم کے ذریعے ایک سنسان مقام پر منتقل کیا گیا اور بم ڈسپوزل اور سکیورٹی عملے نے طیارے کی جامع سے تلاشی لی گئی تاہم طیارہ سے کوئی قابل اعتراض شئے دستیاب نہیں ہوئی
جس پر تمام نے راحت کی سانس لی۔ حکام نے مسافروں کی سہولت کے لیے عارضی طور پر ایک ہوٹل میں ان کے قیام کا انتظام کروایا۔ تمام جانچ اور حفاظتی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد تقریباً 13 گھنٹے کی تاخیر سے یہی پرواز مسافروں کو لے کر سنگاپور کے لیے روانہ ہوئی۔
پولیس کے مطابق جی ایچ آئی اے ایل حکام کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے ای میل بھیجنے والے نامعلوم شخص کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔



