امریکہ میں شدید طوفان اور بارش سے سیلاب – کئی ریاستیں متاثر، لاکھوں افراد برقی سے محروم

واشنگٹن، 27 نومبر (اردو لیکس ڈیسک)امریکہ میں تھینکس گیونگ تہوار کے موقع پر شدید طوفان، موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں نے کئی ریاستوں میں تباہی مچادی۔ مشرقی ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سڑکیں زیر آب آگئیں اور متعدد مقامات پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوجرسی اور نیویارک کے بعض علاقوں میں سیلاب کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ ورجینیا اور میری لینڈ میں لاکھوں مکانات اور کاروباری اداروں کی بجلی سربراہی متاثر ہوئی۔ بعض علاقوں میں سیلابی پانی گھروں اور سڑکوں میں داخل ہوگیا، جبکہ امدادی عملے نے پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔
شمالی کیرولائنا میں سمندری پانی سڑک پر جمع ہونے کے باعث اہم شاہراہ بند کردی گئی۔ ورجینیا میں تیز ہواؤں کے سبب چیسپیک بے برج ٹنل کو بھی عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
شدید موسمی حالات کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا۔ امریکہ بھر میں 2200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ 400 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ نیویارک میں تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر مشہور میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کردی گئی۔
دوسری جانب امریکہ کے بعض وسطی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی، جبکہ کیلیفورنیا سمیت مغربی ساحلی علاقوں میں سمندری لہروں اور بلند مدوجزر کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ حکام نے متاثرہ علاقوں کے عوام کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے
۔



