انٹر نیشنل

سعودی عرب اور قطر کے درمیان شاہراہ کی تعمیر مکمل۔ سعودی، قطر سفر دورانیہ میں کمی

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی جنرل اتھارٹی برائے روڈز نے ظہران، سلوی ہائی وے سمیت مشرقی ریجن میں متعدد سڑکوں کی تعمیراتی منصوبے مکمل کر لیے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے قطر جانے والی 66 کیلومیٹر طویل دو رویہ ظہران، سلوی شاہراہ کی تعمیر پر 199 ملین ریال کی لاگت آئی۔

 

تعمیر کی جانے والی شاہراہ پر الھفوف انٹرسیکشن، دو پل اور سڑک کے ساتھ ڈرینج نیٹ ورک بھی بنایا گیا ہے۔یہ منصوبہ الجبیل انڈسٹریل سٹی کو دیگر صنعتی شہروں اور سرحدی پوائنٹس کے ساتھ جوڑنے میں معاون ہو گا جبکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد سعودی عرب سے قطر اور امارات کے سفر کا دورانیہ بھی ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔

 

علاوہ ازیں ظہران، سلوی سڑک کی تعمیر کے بعد غیر آباد مقامات اور سرحدی پوائنٹس تک لاجسٹک نقل وحمل آسان ہو جائے گی، جبکہ اس سڑک کے ذریعے دیگر اہم شاہراہوں کے نیٹ ورک سے جڑنے کے بعد العقیر اور نصف القمر کے ساحلی علاقوں پر سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔منصوبہ کے اہداف میں لاجسٹک نقل وحمل میں آسانیاں پیدا کر کے سعودی عرب کو لاجسٹکس پرفارمنس انڈیکس کے پہلے 10 ممالک میں شامل کرنا بھی ہے۔

 

واضح رہے کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت بیں الاقوامی روڈز کوالٹی انڈیکس میں چھٹے نمبر پر آنے اور حادثات میں اموات کی شرح کو کم کرنے کے ہدف پر عمل پیرا ہے جس کے تحت ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور سفری تحفظ کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button