انٹر نیشنل

مکہ میں دو روزہ انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس کا آغاز

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب مکہ مکرمہ میں وزارت اسلامی امور، دعوت وارشاد کے تحت انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس کا آج آغاز‌ ہوا جو دو روز جاری رہے گی۔ کانفرنس میں 85 ممالک سے تعلق رکھنے والے 150 عالم دین، مفتیان کرام اور اسلامی محققین شریک ہورہے ہیں۔کانفرنس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک سے علما اور مشائخ کی آمد کا سلسلہ سنیچر سے شروع ہوا۔اخبار 24 کے مطابق شرکا کا تعلق مختلف ممالک کی اسلامی وزارتوں کے علاوہ مکاتب فکر اور دار الافتا کے علاوہ جامعات سے ہے۔

 

 

 

سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل شیخ افتتاحی خطاب کریں گے جس کے بعد کانفرنس میں شریف وفود کے سربراہوں کی تقاریر ہوں گی۔دو روزہ کانفرنس میں سات سیشن ہوں گے جن میں شرکا رواداری اور باہم برداشت کے علاوہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔کانفرنس کا ایک مقصد مختلف ممالک کے علما اور مفتیان کے علاوہ مکاتب فکر اور محققین کے درمیان ربط قائم کرنا ہے۔

 

 

 

العربیہ کے مطابق قبل ازیں سعودی عرب کے مفتی اعظم نے بیان میں کہا تھا کہ ’ یہ کانفرنس اس پیغام کا ثبوت ہے جو مملکت اسلام کی رواداری اور اعتدال پسندی اور بقائے باہمی کی دعوت کے بارے میں دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے‘۔’سعودی عرب نفرت اور عدم برداشت کو مسترد کرنا اور لوگوں میں پھیلنے والے نفرت اور تشدد کے جذبات کو کم کرنے کے لیے ایک شراکت دار کے طور پر کام کر رہا ہے‘۔

 

 

’اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ سعودی عرب سلامتی اور امن کا ملک ہے۔ یہ لوگوں کے درمیان رواداری اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے اور اعتدال پسند اسلامی طرز فکر کے مطابق سب کے حقوق کے تحفظ کا خواہاں ہے‘۔

متعلقہ خبریں

Back to top button