گنیش شوبھا یاترا و وسرجن کیلئے سخت حفاظتی انتظامات: ایس پی ڈاکٹر ونیت

گنیش شوبھا یاترا و وسرجن کیلئے سخت حفاظتی انتظامات: ایس پی ڈاکٹر ونیت
نارائن پیٹ: 21 ستمبر (اردو لیکس) ضلع ایس پی ڈاکٹر ونیت آئی پی ایس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گنیش شوبھا یاترا اور وسرجن کے موقع پر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی جانب سے وسیع تر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن طریقہ سے تہوار مناتے ہوئے پولیس سے تعاون کریں۔
ایس پی نے بتایا کہ ضلع میں 1,728 گنیش مورتیوں کا آن لائن رجسٹریشن اور جیو ٹیگنگ کیا گیا ہے۔ شوبھا یاترا اور وسرجن کے دوران تقریباً 800 پولیس اہلکاروں کے ساتھ سخت بندوبست کیا گیا ہے، جبکہ نارائن پیٹ، اٹکور، مکتھل اور کوسگی میں انٹیگریٹڈ کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈی جے کی اجازت نہیں ہے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اب تک 125 ڈی جے منتظمین، 25 روڈی شیٹرز، 77 کمیونل شیٹرز اور دیگر 54 افراد کو بائنڈ اوور کیا گیا ہے۔
شوبھا یاترا کے راستوں اور وسرجن مقامات پر سی سی کیمرے، ڈرون کیمرے اور ویڈیو گرافی کے ذریعہ مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ ایس پی نے سوشل میڈیا پر افواہیں، اشتعال انگیز یا قابل اعتراض پوسٹس اور تبصرے کرنے سے بھی عوام کو خبردار کیا۔ گنیش وسرجن اور عرس شریف درگاہ تقی باباؒ ایک ہی وقت میں ہونے کے پیش نظر خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ایس پی نے عوام سے مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنے اور پرامن ماحول میں اپنے مذہبی پروگرام منعقد کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی محمد ریاض الحق، ڈی ایس پی مہیش، نلّاپو لنگیا، سی آئی شیوشنکر ودیگر موجود تھے۔



