محبوب نگر میں جماعت اسلامی کا پروگرام، انسانی حقوق اور مساوات پر زور

ہر انسان قابلِ احترام، سیرتِ نبوی ﷺ انسانی حقوق کے تحفظ کا عظیم پیغام ہے
محبوب نگر: اللہ رب العزت نے انسان کو اشرف المخلوقات بنا کر دنیا میں بھیجا ہے۔ بلا تفریق مذہب و ملت انسانوں کی تکریم، ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کے ساتھ مساوی سلوک حکمرانوں اور سماج کی ذمہ داری ہے۔ ایک انصاف پسند معاشرے کی پہچان یہی ہے کہ تمام شہریوں کے حقوق کی حفاظت کی جائے۔ سیرتِ نبوی ﷺ بھی انسانوں کی تکریم، عدل و مساوات اور حقوق کی ادائیگی کا عظیم پیغام دیتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار کریم نگر کے تلگو مقرر معین احمد نے محبوب نگر کے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایس سی کمیونٹی ہال میں جماعت اسلامی ہند محبوب نگر کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا موضوع ’’محمد ﷺ اور انسانی حقوق‘‘ تھا، جس کی صدارت جماعت اسلامی ہند محبوب نگر کے امیرِ مقامی شجاعت علی نے کی۔
معین احمد نے کہا کہ موجودہ پُرفتن دور میں رحمِ مادر میں لڑکیوں کا قتل، زنا، خون ریزی اور رشوت ستانی جیسے جرائم میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ ان برائیوں اور جرائم کی روک تھام کے لیے سیرتِ طیبہ میں انسانیت کے لیے واضح رہنمائی موجود ہے۔
کارپوریٹر پروین کمار نے کہا کہ کمزور طبقات اور مسلمانوں کے خلاف ملک بھر میں بڑھتے مظالم اور جرائم ناقابلِ برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کا مقابلہ کرنا اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
سماجی و سیاسی جہدکار گوپال مادیگا نے پروگرام کے منتظمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مسلم طبقے کے ساتھ ہر موقع پر تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
پروگرام کا آغاز عبدالمجید کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند شجاعت علی نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے پروگرام کے مقاصد سے واقف کروایا، جبکہ خالد نوید نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر سراج الدین، بھیما کٹو، ہنواڑہ پروین، اعظم علی ایم آر او، رشید خان، بدیع اللہ، اطہر علی سمیت ایس سی، ایس ٹی تنظیموں کے قائدین و کارکنان اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔




