نیشنل

یوپی کی سیاست میں بیرسٹر اویسی اور چندرشیکھر آزاد کا نیا سیاسی محاذ، 2027 میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا اعلان، چندرشیکھر آزاد ہوں گے چیف منسٹر کا چہرہ

اویسی اور چندرشیکھر آزاد کا بڑا سیاسی داؤ، 2027 کے یوپی اسمبلی انتخابات کے لیے ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کا اعلان، چندرشیکھر آزاد ہوں گے چیف منسٹر کا چہرہ

 

لکھنؤ، 12 نومبر: صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے قومی صدر چندرشیکھر آزاد نے جمعرات کو لکھنؤ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اترپردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر نئے سیاسی اتحاد ’سماجک پریورتن مورچہ‘ کے قیام کا اعلان کیا۔ اس اتحاد کے تحت دونوں جماعتیں آئندہ اسمبلی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گی، جبکہ چندرشیکھر آزاد کو اتحاد کے چیف منسٹر کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا۔

 

اس موقع پر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ سماجک پریورتن مورچہ اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے ایک مضبوط متبادل بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کا مقصد صرف انتخابی کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ ریاست کے پسماندہ طبقات، دلتوں، مظلوموں، محروموں اور سماج کے دیگر کمزور طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا بھی ہے۔

 

بیرسٹر اویسی نے کہا کہ برسوں سے سیاسی جماعتیں ان طبقات کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی رہی ہیں، لیکن ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے تعلیم کی بگڑتی ہوئی صورتحال، نوجوانوں میں بے روزگاری اور کسانوں کو درپیش مسائل کو اتحاد کے اہم موضوعات قرار دیا۔

 

انہوں نے چندرشیکھر آزاد کو چیف منسٹر کے امیدوار کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں اتحاد کو مضبوط بنانے اور اس کی کامیابی کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گی۔ ان کے مطابق اتحاد کی کامیابی دراصل اترپردیش کے عوام کی کامیابی ہوگی۔

 

دوسری جانب چندرشیکھر آزاد نے نئے اتحاد کو محض تیسرا محاذ قرار دینے کے بجائے اسے سماجی تبدیلی کی تحریک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے محروم، مظلوم، استحصال زدہ اور پسماندہ طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے انہیں سیاسی طاقت فراہم کرنا اتحاد کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اقتدار عوام کے مسائل حل کرنے کی کلید ہے اور محروم طبقات کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی طور پر مضبوط ہونا ضروری ہے۔

 

چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ سماج کے کمزور طبقات کو غربت، ذات پات کی بنیاد پر تشدد اور مظالم سے نجات دلانے کے وعدے تو کئے گئے، لیکن ان پر خاطرخواہ عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سماجک پریورتن مورچہ اپنے دروازے کھلے رکھے گا۔

 

دونوں قایدین نے 26 نومبر کو ایک بڑے عوامی جلسے کے انعقاد کا بھی اعلان کیا اور عوام سے اس میں شرکت کی اپیل کی۔ اس اتحاد کے قیام کے ساتھ ہی اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے نئی سیاسی صف بندی کا آغاز ہوگیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button