امیتابھ بچن کے بنگلہ کو کار بم سے اڑانے کی دھمکی

ممبئی ۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ کو کار بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ممبئی میں ہونے والے کنسرٹ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔
اس ای میل میں کنسرٹ کے مقام پر آئی فون بم سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دھمکی آمیز ای میل سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس اور بم اسکواڈ نے متعلقہ مقامات پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ممبئی میئر کے دفتر کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والی ای میل موصول ہوئی ہے۔
اسی ای میل میں امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر کار بم حملے اور دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں آئی فون بم دھماکے کی بات کہی گئی ہے۔ پولیس ای میل بھیجنے والے کی شناخت اور دھمکی کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔ فی الحال اس معاملے میں کسی حملے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ 18 اکتوبر 2026 کو اداکار ٹائیگر شراف کی گاڑی پر ممبئی کے جوہو علاقے میں فائرنگ کی گئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیگر فٹ بال کھیلنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔
حملے کے دوران تین افراد نے ان کی گاڑی پر گولیاں چلائیں۔ اس واقعے میں ٹائیگر شراف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور سڑک پر کھڑے ایک مداح کو گولی لگی تھی۔ دونوں زخمیوں کی حالت اب بہتر بتائی گئی ہے۔



