بلقیس بانو کیس میں پھر بڑا موڑ، 17 سال جیل میں گزارنے والے دو مجرموں کو سپریم کورٹ سے ضمانت، عمر قید کی سزا معطل

نئی دہلی، 16 نومبر (اردو لیکس) گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت ریزی اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے بدنام زمانہ مقدمہ میں سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کردی اور انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے یہ راحت دونوں مجرموں کی جانب سے 17 سال سے زائد عرصہ جیل میں گزارنے اور اپیلوں میں بعض قانونی و واقعاتی پہلوؤں پر غور کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایک مرتبہ پھر بلقیس بانو کیس ملک بھر میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنّا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے 28 اکتوبر کو یہ حکم جاری کیا تھا، جو اب عدالت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہونے کے بعد منظر عام پر آیا ہے۔ ضمانت حاصل کرنے والے مجرموں کی شناخت بپن چندر کنہیا لال جوشی اور پردیپ رامان لال مودھیا کے طور پر کی گئی ہے۔ عدالت نے متعلقہ ٹرائل کورٹ کو ہدایت دی کہ وہ اپنی شرائط کے مطابق دونوں کی رہائی کا انتظام کرے۔
عدالت میں سماعت کے دوران مجرموں کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ لتھڑا نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمین 17 سال سے زیادہ عرصہ جیل میں گزار چکے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان میں سے ایک مجرم جوشی شدید جسمانی معذوری کا شکار ہے، جبکہ دوسرے مجرم کا نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور اسے واقعہ کے تقریباً تین سال بعد مقدمہ میں شامل کیا گیا تھا۔ وکلاء نے ان نکات کی بنیاد پر اپیلوں کی سماعت مکمل ہونے تک سزا معطل کرنے اور ضمانت دینے کی درخواست کی تھی۔
دوسری جانب حکومت کی طرف سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجا ٹھاکرے نے ضمانت کی درخواستوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سنگین نوعیت کا جرم ہے اور ٹرائل کورٹ کے ساتھ بمبئی ہائی کورٹ بھی دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں مجرموں کو عمر قید کی سزا برقرار رکھ چکی ہے۔ تاہم سپریم کورٹ نے اپیلوں میں زیر غور قانونی اور واقعاتی نکات، طویل قید اور ایک مجرم کی شدید جسمانی معذوری کو ملحوظ رکھتے ہوئے دونوں کو ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔ دونوں کی سزا معطل کرنے کا مطلب ان کی سزاؤں یا مجرم قرار دیئے جانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینا نہیں ہے بلکہ اپیلوں کے فیصلے تک سزا پر عمل درآمد روکنا ہے۔
کیا ہے بلقیس بانو کا معاملہ؟

واضح رہے کہ مارچ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران اس وقت 21 سالہ بلقیس بانو پانچ ماہ کی حاملہ تھیں اور فسادات سے بچنے کے لئے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ محفوظ مقام کی تلاش میں جارہی تھیں۔ اسی دوران ضلع داہود میں ان کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور ان کے خاندان کے سات افراد کو قتل کردیا گیا، جن میں ان کی تین سالہ کمسن بیٹی بھی شامل تھی۔ اس انسانیت سوز واقعہ نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔
اس مقدمہ میں 11 افراد کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 2008 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ بعد ازاں اگست 2022 میں گجرات حکومت نے اپنی پالیسی کے تحت ان تمام 11 مجرموں کی سزا میں رعایت دیتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کردیا تھا۔ ان کی رہائی کے موقع پر مٹھائیاں تقسیم کرنے اور گلپوشی کئے جانے کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاج ہوا تھا اور اس فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں، خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والوں اور مختلف سیاسی جماعتوں نے سخت تنقید کی تھی۔
بلقیس بانو نے بھی مجرموں کی قبل از وقت رہائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ بالآخر 8 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی جانب سے دی گئی رہائی کی رعایت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ مقدمہ کی سماعت مہاراشٹر میں منتقل ہونے کے باعث مجرموں کی سزا میں رعایت دینے کا اختیار گجرات حکومت کو حاصل نہیں تھا۔ عدالت نے تمام 11 مجرموں کو دو ہفتوں کے اندر جیل حکام کے حوالے ہونے کی ہدایت دی تھی، جس کے بعد تمام مجرموں نے دوبارہ خودسپردگی اختیار کرلی تھی۔
اب اسی مقدمہ کے دو مجرموں کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دیئے جانے کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ معاملہ سیاسی، سماجی اور قانونی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ تاہم دونوں مجرموں کی اصل سزا کے خلاف اپیلوں پر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔



