وارانسی میں دو نوجوان خواتین کا ڈوسہ کی دکان پر دھاوا، توڑ پھوڑ اور ملازمین و گاہکوں سے مارپیٹ

وارانسی، 16 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) اترپردیش کے وارانسی شہر میں دو نوجوان خواتین نے ڈوسہ کی ایک مشہور دکان میں داخل ہوکر ہنگامہ آرائی کی اور دکان میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کردی۔ اس واقعہ کا سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے،
جس میں خواتین کو دکان میں ہنگامہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 14 نومبر کی رات تقریباً 8 بجے پیش آیا۔ دونوں خواتین سیاہ رنگ کی ایکٹیوا اسکوٹی پر دکان پہنچیں اور مبینہ طور پر پہلے دکان اور اطراف کے علاقے کی ویڈیو بنائی۔ اس کے بعد اچانک دکان میں داخل ہوکر ڈوسہ تیار کرنے والا برنر اٹھاکر پھینک دیا اور وہاں موجود دیگر سامان کو الٹ پلٹ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ شروع کردی۔
دکان کے مالک بال مکند پانڈے نے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں الزام لگایا کہ خواتین نے دکان کے ملازمین اور وہاں موجود گاہکوں کے ساتھ بدتمیزی، گالی گلوج اور مارپیٹ کی، جس کے نتیجہ میں بعض افراد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ خواتین نے دکان کے نقد کاؤنٹر میں ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی اور مخالفت کرنے پر دکان کے مالک اور ان کے افراد خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
واقعہ کے دوران دکان میں موجود خواتین اور بچے خوفزدہ ہوکر باہر نکلنے لگے جبکہ بعض افراد نے مداخلت کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب دکان کے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہونے والی آواز میں دونوں نوجوان خواتین یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہی ہیں کہ ان کے والد کے ساتھ دکان کے بعض افراد نے مارپیٹ کی تھی اور وہ اسی معاملہ کا حساب لینے یہاں پہنچی ہیں
۔ اس طرح واقعہ کے پس منظر میں دونوں فریقوں کے درمیان پہلے سے جاری تنازعہ کا پہلو بھی سامنے آیا ہے۔ دکان کے مالک کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم واقعہ کی اصل وجوہات اور دونوں فریقوں کے الزامات کی حقیقت پولیس تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔



