نیشنل

ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی مشتبہ موت، تین کمسن بچے بھی شامل؛ نوڈلز کھانے کے بعد موت کا شبہ

گریٹر نوئیڈا: اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا کے علاقے ربوپورہ میں ایک ہی خاندان کے5 افراد، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، مشتبہ حالات میں مردہ پائے گئے۔ پولیس کے ابتدائی اندازے کے مطابق یہ واقعہ غذائی زہر خورانی کا ہوسکتا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس، فرانزک ٹیم اور دیگر متعلقہ محکمے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات میں مصروف ہیں۔

 

پولیس کے مطابق مہلوکین کی شناخت 37 سالہ مہیش، ان کی 35 سالہ بیوی للیتا، 11 سالہ بیٹے لڈو، 3 سالہ بیٹے ساکشت اور 7 سالہ بیٹی مشٹی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پڑوسیوں اور مہیش کی والدہ کے مطابق خاندان نے گزشتہ رات نوڈلز کھائے تھے۔ تاہم، نوڈلز کھانے اور اموات کے درمیان تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

 

اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، اعلیٰ عہدیداروں، ایمبولنس، محکمہ تحفظِ غذا اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں۔ پنچ نامہ کی کارروائی مکمل کی جارہی ہے اور تمام پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

 

گریٹر نوئیڈا کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) شراون کمار سنگھ نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ربوپورہ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں شوہر، بیوی اور ان کے تین بچوں کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولنس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ فرانزک ٹیم سمیت دیگر محکمے سائنسی انداز میں تحقیقات کررہے ہیں۔

 

ڈی سی پی کے مطابق خاندان نے رات تقریباً 10 سے 10:30 بجے کھانا کھایا تھا اور اس کے بعد سوگیا۔ ہفتہ کی صبح جب ایک بچہ امتحان دینے کے لیے وقت پر نہیں اٹھا تو واقعے کا انکشاف ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کی جانب سے کھائی گئی اشیائے خوردونوش کی جانچ کی جارہی ہے اور تفصیلی تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ پوسٹ مارٹم اور دیگر سائنسی تحقیقات کی رپورٹ آنے کے بعد ہی اموات کی اصل وجہ واضح ہوسکے گی۔

 

جائیداد کے تنازعہ کا بھی دعویٰ

دوسری جانب پڑوسیوں نے خاندان میں جائیداد کے معاملے پر تنازعہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کے مطابق مہیش کی والدہ نے مبینہ طور پر جائیداد اپنی بیٹی کے نام منتقل کردی تھی اور مہیش کے خاندان سے گھر چھوڑنے کو کہا تھا۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ گھر میں اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

 

پڑوسیوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مہیش کی والدہ نے نوڈلز تیار کئے تھے اور میلہ دیکھ کر گھر واپس آنے کے بعد خاندان کو کھانے کے لیے دیئے تھے۔ تاہم، جائیداد کے تنازعہ یا کھانے میں کسی مشتبہ چیز کی موجودگی کے حوالے سے پولیس کی جانب سے تاحال کوئی حتمی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واقعے کی حقیقت سامنے آسکے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button