مہاراشٹر میں سیلاب کا انوکھا منظر، 3 ہزار گیس سلنڈر پانی میں بہہ گئے – عوام نے کئی سلنڈر لوٹ لئے

مہاراشٹر میں مسلسل موسلا دھار بارش نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے۔ رائے گڑھ ضلع میں واقع ایچ پی سی ایل پاتال گنگا ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ سیلابی پانی کی زد میں آ گیا۔ پلانٹ کی حفاظتی دیوار گرنے سے دریا کا پانی اندر داخل ہوگیا، جس کے نتیجہ میں تقریباً 3 ہزار ایل پی جی گیس سلنڈر سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں سیکڑوں گیس سلنڈر دریا کے تیز بہاؤ میں بہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بہہ جانے والے سلنڈروں میں کچھ خالی بھی شامل ہیں۔
کئی افراد نے ان سلنڈروں کو "قدرت کا تحفہ” سمجھ کر اٹھانا شروع کر دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کی بھی بھرمار ہوگئی۔ بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں لکھا، "کل تک پورا ملک گیس سلنڈر کے لیے قطاروں میں کھڑا تھا، آج سلنڈر پانی کی طرح بہہ رہے ہیں”، جبکہ کچھ نے مذاق میں کہا، "اب یہ نہ کہنا کہ حکومت سلنڈر نہیں دے رہی۔”
تاہم رائے گڑھ کے ضلع کلکٹر نے عوام سے سخت اپیل کی ہے کہ دریا یا کنارے پر بہہ کر آنے والے کسی بھی گیس سلنڈر کو ہرگز نہ اٹھائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ معلوم نہیں کہ سلنڈروں میں گیس موجود ہے یا نہیں اور وہ محفوظ حالت میں ہیں یا نہیں، اس لیے انہیں ہاتھ لگانا کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے کہا ہے کہ اگر کہیں بہہ کر آیا ہوا گیس سلنڈر نظر آئے تو فوراً متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ حکام کے مطابق سیلاب میں بہہ جانے والے سلنڈروں کی تلاش اور انہیں محفوظ طریقے سے واپس حاصل کرنے کی کارروائی جاری ہے۔



