نیشنل

” کانگریس میں اقلیتوں کی کوئی عزت نہیں ہے”؛ پارٹی پروگرام میں حق بولنے پر گوا کانگریس اقلیتی چیرمین وسیم خان عہدے سے معطل

پاناجی: گوا پردیش کانگریس کمیٹی میں اقلیتی طبقے کی نمائندگی کے معاملے پر پیدا ہونے والا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ پارٹی کی قیادت پر اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا الزام لگانے والے اقلیتی شعبہ کے صدر وسیم خان کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری اثر سے عہدے سے معطل کر دیا، جبکہ گوا پی سی سی اقلیتی شعبہ کی پوری کمیٹی بھی تحلیل کر دی گئی ہے۔

 

یہ تنازعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب گوا کانگریس کے ایک پروگرام کے دوران وسیم خان نے سینئر کانگریسی قایدین، جن میں کے سی وینوگوپال بھی شامل تھے، کی موجودگی میں پارٹی کی اقلیتوں سے متعلق پالیسی پر کھلے عام سوالات اٹھائے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ پارٹی کے پروگرام میں اقلیتی شعبہ کو مدعو تک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اقلیتوں کے مفادات کی کوئی پروا نہیں کرتی اور اگر یہی رویہ برقرار رہنا ہے تو اقلیتی شعبہ کو بند کر دینا چاہیے۔

 

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب ایک کانگریس ہیڈر نے انہیں اسٹیج سے ہٹانے کی کوشش کی، جس کے بعد وسیم خان اجلاس چھوڑ کر باہر نکل گئے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "اگر اقلیتوں سے اتنی نفرت ہے تو گوا کانگریس میں آخر کیا ہو رہا ہے؟ یہاں اقلیتوں کے لئے کوئی عزت نہیں ہے۔” تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ راہول گاندھی کا بے حد احترام کرتے ہیں، لیکن گوا کانگریس میں اقلیتی طبقہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویے سے دل برداشتہ ہوکر انہیں یہ باتیں عوامی طور پر کہنی پڑیں۔

 

اس واقعہ کے بعد اے آئی سی سی نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں وسیم خان کے خلاف کارروائی کی۔ اے آئی سی سی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامے میں وسیم خان کو فوری اثر سے گوا پی سی سی اقلیتی شعبہ کے صدر کے عہدے سے معطل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ساتھ ہی آئندہ احکامات تک گوا پی سی سی اقلیتی شعبہ کی پوری کمیٹی بھی تحلیل کر دی گئی۔

 

پارٹی نے اقلیتی شعبہ کی تنظیمِ نو اور روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے نذیر اے. خان کو فوری اثر سے گوا پی سی سی اقلیتی شعبہ کا کنوینر مقرر کیا ہے۔ کانگریس کے مطابق یہ فیصلہ تنظیمی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور گوا میں پارٹی کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے، جبکہ نو مقرر کنوینر اے آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق نئی اقلیتی کمیٹی کی تشکیل کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button