نیشنل

ہمایوں کبیر کو دو حلقوں سے کامیابی

کولکتہ: عام جنتا اُنّیَن پارٹی کے سربراہ ہمایوں کبیر نے مغربی بنگال کے ضلع مرشدآباد میں  نوڈا اور ریجی نگر  دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے

 

تفصیلات کے مطابق  ترنمول کانگریس سے معطل کئے گئے ہمایوں کبیر نے نوڈا اسمبلی حلقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار رانا منڈل کو 27 ہزار 943 ووٹوں سے شکست دی۔

 

انتخابی نتائج کے مطابق ہمایوں کبیر کو 86 ہزار 463 ووٹ ملے جبکہ رانا منڈل نے 58 ہزار 520 ووٹ حاصل کیے۔ ترنمول کانگریس کی امیدوار ساہینہ ممتاز خان 51 ہزار 867 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ اسی نشست پر ترنمول کانگریس کے امیدوار اتاؤ الرحمان 41 ہزار 718 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے۔

 

دوسری جانب ہمایوں کبیر نے ریجی نگر نشست پر بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم انتخابی قواعد کے مطابق انہیں ایک نشست چھوڑنی ہوگی، جس کے باعث ضمنی انتخاب کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

 

انتخابی نتائج کے بعد ردعمل دیتے ہوئے ہمایوں کبیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ مرشدآباد کے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے ساتھ مبینہ ناانصافی اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا جواب ووٹ کے ذریعے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نئی جماعت صرف چار ماہ قبل قائم ہوئی تھی، اس کے باوجود یہ کامیابی انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

 

واضح رہے کہ 2021 کے انتخابات میں وہ ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر بھارت پور سے کامیاب ہوئے تھے، تاہم بعد میں پارٹی سے اختلافات کے باعث معطل کر دیے گئے۔ انتخابات سے قبل ان کی جماعت کو اس وقت دھچکا لگا جب مجلس نے ان سے اتحاد ختم کر دیا، جس کی وجہ مبینہ طور پر ایک وائرل ویڈیو بنی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button