نیشنل
آسام میں کولکتہ-سائرنگ ایکسپریس کی 7 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، متعدد مسافر زخمی

آسام: ریاست آسام میں گوہاٹی کے قریب کامروپ ضلع کے دیگارو ریلوے اسٹیشن کے پاس کولکتہ-سائرنگ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں انجن سمیت ٹرین کی 6 سے 7 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 6 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کپنجَل کشور شرما کے مطابق، ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم متعدد مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ مسافروں کو بحفاظت ان کی منزلوں تک پہنچانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں، جبکہ ریلوے پٹری کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔




