مسلم جوڑے کو ’’افغانستان، پاکستان‘‘ کہہ کر کنڈکٹر کی مبینہ توہین، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کنڈیکٹر معطل

بنگلور: کرناٹک میں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی بس کے ایک کنڈکٹر پر مسلم مسافر جوڑے کے ساتھ مذہبی بنیاد پر توہین آمیز ریمارکس کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جوڑا غلطی سے شیموگہ جانے والی بس میں سوار ہوگیا، حالانکہ انہیں کے آر پیٹے جانا تھا۔اطلاعات کے مطابق، بس میں سوار ہونے کے بعد جب مسافروں کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو کنڈکٹر نے انہیں ٹوکتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہ بس کے منزل کے بورڈ کو دیکھے بغیر ہی سوار ہوگئے ہیں؟ اسی دوران اس نے مبینہ طور پر ’’کیا یہ افغانستان ہے؟ پاکستان ہے؟‘‘ جیسے جملے بھی کہے۔
واقعہ کی ویڈیو 9 نومبر کی شام سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد کنڈکٹر کے رویے پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے معاملے کی تحقیقات اور کنڈکٹر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
اسی دوران کرناٹک حکومت نے منگل کو واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کنڈکٹر کو ملازمت سے معطل کردیا۔




