500 روپے کیلئے خاتون نے ایک شخص پرگرم گرم تیل ڈال دیا

نیلور: ریاست آندھرا پردیش نیلور رورل منڈل میں ایک انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں 500 روپے قرض کی رقم ادا نہ کرنے پر ایک خاتون نے ایک شخص پر کھولتا ہوا تیل ڈال دیا۔
گرم تیل گرنے سے شدید زخمی ہونے والا شخص نیلور کے سرکاری ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔تفصیلات کے مطابق ماداراجو گوڈور سے تعلق رکھنے والے شینیا نے اسی علاقے کی رہنے والی حسینہ نامی خاتون سے 500 روپے قرض لیے تھے۔
خاتون نے جب قرض واپس کرنے کا مطالبہ کیا تو شینیا نے کہا کہ وہ اس کے گھر پر کام کرکے قرض کی رقم ادا کرچکا ہے۔ اسی بات پر دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔بتایا جاتا ہے کہ ٹفن سنٹر چلانے والی حسینہ نے غصہ میں آکر شینیا پر گرم تیل ڈال دیا
جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ مقامی افراد نے زخمی کو علاج کے لیے نیلور کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر رورل پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے خاتون کو حراست میں لے لیا۔



