پاسپورٹ فیس میں بڑا اضافہ – یکم جولائی سے نئی شرحیں نافذ

نئی دہلی : پاسپورٹ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لئے مرکزی حکومت نے بڑا جھٹکا دیتے ہوئے پاسپورٹ فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی فیسیں یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔
18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے 36 صفحات پر مشتمل عام پاسپورٹ کی فیس 1500 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ تتکال (Tatkal) سروس کے تحت پاسپورٹ حاصل کرنے کے لئے اب 5000 روپے ادا کرنے ہوں گے، جو پہلے 3500 روپے تھی۔
اسی طرح 60 صفحات والے پاسپورٹ کے لئے عام زمرے میں 3500 روپے اور تتکال سروس کے تحت 6000 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ گمشدہ یا خراب شدہ پاسپورٹ کی جگہ نیا پاسپورٹ حاصل کرنے والوں پر بھی یہی فیس لاگو ہوگی۔
18 سال سے کم عمر بچوں کے لئے 36 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 1750 روپے جبکہ تتکال فیس 4250 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نابالغ افراد کے گمشدہ یا خراب پاسپورٹ کے دوبارہ اجرا کے لیے عام فیس 4250 روپے اور تتکال فیس 6750 روپے ہوگی۔
پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (PCC) اور سرینڈر سرٹیفکیٹ جیسی پاسپورٹ سے متعلق خدمات کے لیے 750 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق گزشتہ 14 برسوں میں پاسپورٹ فیس میں یہ پہلا بڑا اضافہ ہے۔ 2012 کے بعد پہلی مرتبہ فیسوں پر نظرثانی کی گئی ہے، اور یکم جولائی سے درخواست دینے والے تمام افراد پر نئی فیسوں کا اطلاق ہوگا۔



