تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم کا آغاز – 24 جولائی تک جاری رہے گی

تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی مہم کا آغاز 25جون جمعرات سے ہوگیا، جو 24 جولائی تک جاری رہے گی۔
اس سلسلے میں حیدرآباد کے حمایت نگر وارڈ آفس میں حکام نے بوتھ لیول افسران (BLOs) کو اینیومریشن فارم فراہم کئے۔ بی ایل اوز گھر گھر جا کر ووٹروں کو یہ فارم دیں گے، جنہیں ووٹر خود پُر کرکے واپس بی ایل اوز کے حوالے کریں گے۔ حکام کے مطابق دو دن بعد بی ایل اوز دوبارہ گھروں کا دورہ کرکے مکمل شدہ فارم جمع کریں گے۔
حکام نے بتایا کہ کسی بھی قسم کی مدد یا شکایت کے لیے ووٹر 1950 ٹول فری نمبر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اگر کسی علاقے میں بی ایل او گھر نہ پہنچے تو اس کی شکایت بھی اسی نمبر پر درج کرائی جا سکتی ہے۔حیدرآباد ضلع میں فارم انگریزی زبان میں جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں تلگو زبان میں فراہم کئے جائیں گے
۔ بی ایل اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ اپنے بوتھ کے دائرے میں کم از کم 50 گھروں تک پہنچ کر فارم تقسیم کریں۔ریاست کے تمام 3 کروڑ 38 لاکھ 26 ہزار 448 ووٹروں کو یہ فارم فراہم کئے جائیں گے۔ ووٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فارم پُر کرکے 24 جولائی تک متعلقہ بی ایل اوز کے حوالے کر دیں۔




