نیشنل

یوٹیوبر دھرو راٹھی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری

نئی دہلی: معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ دہلی کی ساکیت عدالت نے 2018 کے ایک ہتک عزت مقدمہ میں ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے یہ کارروائی مقررہ سماعتوں میں پیش نہ ہونے اور پہلے جاری کردہ ضمانتی وارنٹ پر عمل درآمد نہ ہونے کے بعد کی۔

 

یہ مقدمہ وکاس سنکرتیان عرف وکاس پانڈے کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ کے مطابق دھرو راٹھی نے مئی 2018 میں اپنے یوٹیوب چینل پر ’’بی جے پی آئی ٹی سیل پارٹ 2‘‘ کے عنوان سے ویڈیو جاری کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے ارکان نے انہیں بدنام کرنے کے لئے رشوت دینے کی کوشش کی تھی۔ شکایت کنندہ نے اس ویڈیو کو اپنی ساکھ متاثر کرنے والا قرار دیتے ہوئے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

 

اس معاملہ میں سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کا نام بھی شامل تھا، جنہوں نے مذکورہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ عدالت نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 3 دسمبر کو مقرر کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button