ادبی فورم، ریاض کے زیر اہتمام ادبی اجلاس و مزاحیہ مشاعرہ

ریاض نمائندہ اردو لیکس
تعمیری و اصلاحی ادب کی نمائندہ تنظیم “ادبی فورم” (انڈین فرینڈز سرکل ) ریاض کے زیرِ اہتمام طنز و مزاح پر مبنی ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ باذوق محفل ہوٹل خیام، حارہ میں پچھلے جمعہ منعقد ہوئی۔ اس نثری و شعری نشست میں ریاض کے ممتاز ادباء و شعراء نے اپنے تخلیقات پیش کیں۔
محفل کی صدارت معروف ادیب و شاعر ابو نبیل خواجہ مسیح الدین نے کی، جبکہ نثری نشست کی نظامت تنویر احمد تماپوری اور شعری نشست کی نظامت ضیاء عرشی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے قیوم احمد اور مہمانانِ اعزازی میں ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی، ڈاکٹر شوکت پرویز۔ صدرِ ادبی فورم طاہر بلال اسٹیج پر رونق افروز رہے۔محفل کا آغاز حسب روایت تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت موسیٰ کلیم اللہ نے اپنی خوش الحان آواز سے کی۔ کس کے بعد نثری نشست کا آغاز ہوا جس میں جمیل احمد، سعید اختر اعظمی، تنویر احمد تماپوری اور خواجہ مسیح الدین نے اپنے تخلیقی نثری شہ پارے پیش کیے جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔
بعد مغرب شعری نشست کا آغاز ہوا، جس سے قبل دو اہم کتابوں کی خوش خبری دی گئی:طاہر بلال کے شعری مجموعے "آگہی” اور ناہید طاہر کے ناول "ساحل کو چھو کر” کو کرناٹک اردو اکیڈمی نے اشاعت کے لیے منتخب کیا۔ اس موقع پر دونوں مصنفین نے اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں حسان عارفی نے اپنے دادا عبدالحمید عارف کے شعری مجموعے "نوشتۂ دیوار” کا اجراء کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جس کے بعد جمیل احمد نے ایک خوبصورت نعت بھی پیش کی ۔مشاعرے کی نظامت ضیاء عرشی نے اپنی بھرپور ادبی گرفت اور پر مزاح اسلوب سے اس محفل کو یادگار بنا دیا۔
صدارتی خطاب میں خواجہ مسیح الدین نے نہ صرف تمام شعرا کی دل سے پذیرائی کی بلکہ سامعین اور منتظمین کو اس کامیاب بزم کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترویج کے اس حسین سفر میں ادبی فورم کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی، ڈاکٹر شوکت پرویز اور قیوم احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس محفل کو ایک روحانی و ذہنی راحت کا باعث قرار دیا اور کہا کہ موجودہ پُر اضطراب دور میں ایسے مشاعرے قہقہوں اور خوشیوں کے نقیب بن کر دلوں کو تسکین دیتے ہیں۔ نثری نشست اور مشاعرہ میں جن شعراء نے اپنی تخلیقات پیش کیں ان کے اسمائے گرامی : خواجہ مسیح الدین، طاہر بلال، اکرم علی اکرم، حسان عارفی، ضیاء عرشی، جمیل احمد، سعید اختر اعظمی، افتخار راغب، مزمل تماپوری، اسماعیل روشن، سہیل اقبال، ظفر محمود
صدر ادبی فورم طاہر بلال کے کلماتِ تشکر کے ساتھ محفل کا اختتام عمل مین آیا۔ ادبی فورم، ریاض کی یہ کاوش بلاشبہ اردو زبان و ادب کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال ہے،