اسٹالن کو منانے میں ناکام رہے سونیا، راہول اور کھڑگے – ڈی ایم کے نے نہیں بدلا اپنا موقف
چینائی، 29 نومبر: مرکز کی مجوزہ حلقہ بندی اور خواتین کے تحفظات سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر اپوزیشن اتحاد کے اندر پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنے کے لئے انڈیا اتحاد کے سرکردہ قائدین نے اتوار کو چینائی میں ڈی ایم کے سربراہ اور چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن سے ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور مغربی بنگال کی سابق چیف منسٹر ممتا بنرجی سمیت کئی اہم قائدین شریک تھے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی بھی اس وفد میں شامل تھے۔
ملاقات کا بنیادی مقصد ڈی ایم کے کو مرکز کے مجوزہ حلقہ بندی بل کی مخالفت پر آمادہ کرنا تھا، کیونکہ ڈی ایم کے نے مجوزہ قانون کے بعض نئے نکات کی حمایت کا اشارہ دیا تھا، جبکہ کانگریس سمیت اپوزیشن کی کئی جماعتیں اس بل کی مخالفت کررہی ہیں۔ پارلیمنٹ کے پیر سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس سے قبل یہ ملاقات سیاسی اعتبار سے اہمیت اختیار کرگئی ہے۔
راہول گاندھی نے ملاقات سے قبل سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ انڈیا اتحاد کے قائدین اسٹالن سے اپیل کریں گے کہ وہ ڈی ایم کے کے ساتھ مل کر مجوزہ آئینی ترمیمی بلوں کی مخالفت کریں۔ ان کے مطابق لوک سبھا کی نشستوں کو 850 تک بڑھانے کی تجویز سے ملک کے جمہوری نظام اور ریاستوں کے سیاسی حقوق متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کے ذریعہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو ملک کے انتخابی نقشے میں اپنی سیاسی ترجیحات کے مطابق تبدیلی کا موقع مل سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ملاقات میں تقریباً ایک گھنٹے تک بات چیت ہوئی، تاہم انڈیا اتحاد کے قائدین ڈی ایم کے کے موقف میں تبدیلی لانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ اسٹالن نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی نے تمل ناڈو کے مفادات اور پارلیمانی نمائندگی کے تحفظ سے متعلق اپنے خدشات دور ہونے کے بعد مجوزہ بل کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے موقف کو منصفانہ حلقہ بندی قرار دیا۔
اس ملاقات میں ڈی ایم کے کی جانب سے ادھیانیدھی اسٹالن، کنی موزی، دیانیدھی مارن اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ انڈیا اتحاد کے قائدین اب ممبئی روانہ ہوکر این سی پی (شرد پوار گروپ) کے سربراہ شرد پوار سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی یہ سرگرمیاں حلقہ بندی بل پر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔




