تلنگانہ

مرحوم محمد تاج الدین بابا کے افراد خاندان کو کھمم بی آر ایس قائدین کی جانب سے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد

کھمم، 29 نومبر: بی آر ایس پارٹی کے سابق ضلع اقلیتی صدر محمد تاج الدین بابا مرحوم کے افراد خاندان کو پارٹی قائدین کی جانب سے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ آج دیکشا دیوس کے موقع پر کھمم کے بی آر ایس پارٹی دفتر تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب کے دوران سابق رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار نے مرحوم کی اہلیہ اور فرزند نعمان کے حوالے امدادی رقم پیش کی۔

 

واضح رہے کہ محمد تاج الدین بابا کا جاریہ سال اگست میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔ انہوں نے متحدہ کھمم ضلع میں بی آر ایس پارٹی کے ضلع اقلیتی صدر کی حیثیت سے پارٹی اور عوام بالخصوص اقلیتوں کے لئے نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔ ان کے اچانک انتقال پر سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، سابق وزراء کے ٹی راما راؤ اور ٹی ہریش راؤ سمیت بی آر ایس کے دیگر قائدین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے افراد خاندان سے تعزیت کی تھی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔

 

مرحوم کے افراد خاندان کی مالی مدد کے لئے سابق ریاستی وزیر پی اجے کمار نے 5 لاکھ روپے، رکن راجیہ سبھا و بی آر ایس قائد وِدی راجو روی چندرا نے 2 لاکھ روپے، سابق رکن پارلیمنٹ کھمم ناما ناگیشور راؤ نے ڈیڑھ لاکھ روپے، بی آر ایس ضلع صدر کھمم و رکن قانون ساز کونسل تاتا مدھو نے 50 ہزار روپے اور سابق زرعی مارکٹ کمیٹی چیئرمین کھمم آر جے سی کرشنا نے 50 ہزار روپے کا تعاون کیا۔ اس طرح جملہ 10 لاکھ روپے مرحوم کی اہلیہ اور فرزند نعمان کے حوالے کئے گئے۔

 

اس موقع پر پی اجے کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد تاج الدین بابا نے بی آر ایس پارٹی اور متحدہ کھمم ضلع میں عوام کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے حقوق کے لئے جو جدوجہد کی، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے انتقال سے پارٹی ایک بہترین اور فعال قائد سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بی آر ایس پارٹی مستقبل میں بھی مرحوم کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button