بی جے پی میں شامل ہوں گے کرکٹر محمد شمیع؟ قومی صدر نتن نبین سے ملاقات، امروہہ سے انتخاب لڑنے کی قیاس آرائیاں

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر محمد شمیع کے سیاست میں قدم رکھنے اور بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں محمد شمیع نے اتوار کو دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر کنور باسط علی بھی موجود تھے۔ ملاقات کی تصویر سامنے آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں محمد شمیع کے مستقبل کے سیاسی عزائم پر بحث شروع ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات ہفتہ کی شب دہلی میں نتن نوین کے دفتر میں ہوئی، جس کا انتظام بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر کنور باسط علی نے کیا تھا۔ تاہم ملاقات میں کن امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ ہی محمد شمیع یا بی جے پی کی جانب سے ان کی پارٹی میں شمولیت کے تعلق سے کوئی باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ اگر محمد شمیع بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو انہیں پارٹی کے اقلیتی مورچہ میں کوئی اہم ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اترپردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں امروہہ اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار بنائے جانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہورہی ہے۔
محمد شمیع کا تعلق اترپردیش کے ضلع امروہہ سے ہے اور وہ اسی ضلع کے گاؤں سہس پور علی نگر کے رہنے والے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی شاندار گیند بازی اور عالمی سطح پر حاصل ہونے والی شہرت کے باعث وہ ملک بھر میں مقبول ہیں۔ ان کی مقبولیت اور مغربی اترپردیش سے تعلق کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کی ممکنہ سیاسی انٹری کو اہمیت دی جارہی ہے۔
محمد شمیع کی سیاست میں شمولیت کی قیاس آرائیاں اس سے قبل بھی سامنے آچکی ہیں۔ ستمبر 2026 میں انہوں نے راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت چودھری سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے بعد ان کے سیاست میں آنے اور امروہہ سے انتخاب لڑنے کے امکانات پر بحث شروع ہوئی تھی۔ تاہم اس وقت بھی کسی سیاسی جماعت میں ان کی شمولیت کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ محمد شمیع نے 6 نومبر 2026 کو ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے کرکٹ کو مکمل طور پر خیرباد نہیں کہا ہے اور محدود اوورس کی کرکٹ میں کھیل جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
فی الحال بی جے پی کے قومی صدر سے ان کی ملاقات کو سیاسی مستقبل کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم پارٹی میں شمولیت، اقلیتی مورچہ میں ذمہ داری یا امروہہ سے انتخاب لڑنے کے تعلق سے تمام اطلاعات ابھی قیاس آرائیوں تک محدود ہیں۔



