133 روپے کے آرڈر کیلئے زوماٹو کو لگا 60 ہزار کا جرمانہ

بنگالورو۔ ایک خاتون کی جانب سے دئیے گئے آرڈر کے معاملہ میں زوماٹو کو 60 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے دھارواڑ میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق شیتل نامی خاتون نے 31 اگست 2023 کو 133 روپے 25 پیسے گوگل پے کے ذریعے ادا کیے اور ویج موموس کا آرڈر دیا تھا۔
آرڈر کرنے کے 15 منٹ بعد اسے ایک میسج آیا جس میں لکھا تھا کہ موموس پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ اسے آرڈر نہیں ملا، جس پر خاتون نے ریسٹورنٹ سے فون کر کے تفصیلات حاصل کیں تو معلوم ہوا کہ ڈیلیوری ایجنٹ آرڈر لے کر نکل گیا ہے۔ اس خاتون نے ڈیلیوری ایجنٹ سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ رابطہ میں نہیں آ سکا۔ خاتون نے زوماٹو کی ویب سائٹ پر شکایت درج کی اس کے سوال کا جواب دینے کے لیے کمپنی نے 72 گھنٹوں کا وقت طلب کرتے ہوئے میل روانہ کیا لیکن اسے کوئی جواب نہیں دیا گیا
جس پر خاتون نے دھارواڑ کنزیومر کورٹ سے اس معاملے کو رجوع کیا۔ 13 ستمبر کو زوماٹو کو لیگل نوٹس روانہ کی گئی جس کے بعد کمپنی نے اس کیس کو برخواست کر دینے کی کورٹ سے خواہش کی۔اس معاملہ میں عدالت نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وضاحت دینے کے لیے 72 گھنٹوں کا وقت طلب کرتے ہوئے میل روانہ کرنے کے بعد سے خاتون کے کنزیومر کورٹ سے رجوع ہونے تک زوماٹو نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔کورٹ نے آرڈر کی ڈءلیوری نہ
کرنے اور خاتون کو ذہنی تناؤ کا شکار بنانے پر زوماٹو کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور کیس کے اخراجات کے لیے مزید 10 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا۔