نظام آباد ضلع میں بھیانک سڑک حادثہ دو خواتین ہلاک

آرمور : 14/ جولائی ( محمد سیف علی کی رپورٹ ) ضلع نظام آباد کے آرمور حلقہ اسمبلی کے تحت واقع ماکلور منڈل کے داس نگر میں اتوار کو ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا، اس سڑک حادثے میں دو خواتین کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ سڑک حادثے کی تفصیلات اس طرح ہیں۔ ستیش نامی ایک شخص نشے میں دھت کار غلط راستے پر چلا رہا تھا اور اس نے داس نگر سڑک پر پیدل چل رہی دو خواتین کو ٹکر مار دی۔
حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ اس سڑک حادثہ میں پوچاوا (64) اور پدما (35) نامی خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ مہاتما گاندھی جیوتی باپولے اسکول اور انٹرمیڈیٹ میں زیر تعلیم دو طالبات شدید زخمی ہوگئیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس واقعے میں اسکول کی طالبہ شدید زخمی ہوئی ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔ سڑک حادثہ اس وقت پیش آیا جب والدین دوسرے اتوار کو جیوتی باپولے اسکول میں زیر تعلیم طلباء کو ملنے کیلئے آرہے تھے اور انہیں باہر لے جانے کے بعد اسکول واپس جارہے تھے۔ سڑک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی نظام آباد سی آئی سدھیر راؤ اور ماکلور ایس آئی ستیش نے پولس عملہ کے ساتھ سڑک حادثہ کی جگہ کا معائنہ کیا۔ ماکلور پولس نے بتایا کہ ستیش نظام آباد آر ڈی او آفس میں کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔
پولیس نے وضاحت کی کہ ستیش، جو کار چلا رہا تھا، حادثے کے وقت شراب کے نشے میں تھا۔ بعد ازاں نظام آباد رورل سی آئی مہیش اور نوی پیٹ ایس آئی یادگیری گوڑ نے سڑک حادثہ کی جگہ کا معائنہ کیا۔ شراب پی کر تیز رفتاری سے کار چلانے والے آر ڈی او آفس کے کمپیوٹر آپریٹر ستیش کو مقامی لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ماکلور ایس آئی ستیش نے بتایا کہ سڑک حادثہ کا سبب بننے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔