کے ٹی آر کو اے سی بی کی نوٹس کی اجرائی منظم اور منصوبہ بند سازش کا حصہ

کے ٹی آرکو اے سی بی کی نوٹس کی اجرائی منظم اور منصوبہ بند سازش کا حصہ
چیف منسٹر ریونت ریڈی کے گندے سیاسی کھیل کا ایک اور ثبوت
ریاستی حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانا مقصد
کے سی آر کے سپاہی ہمیشہ ثابت قدم رہے ہیں اور آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے: کے کویتا
حیدرآباد: رکن قانون سازکونسل بی آرایس وصدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے کارگزارصدر بی آرایس کے تارک راماراﺅ کو اے سی بی نوٹس کی اجرائی کی شدید مذمت کی۔انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم Xپر ٹویٹ کیاکہ ریونت ریڈی کی حکومت کی جانب سے کے ٹی آر کو اے سی بی کی نوٹس کی اجرائی ایک منظم اور منصوبہ بند سازش کاحصہ ہے۔
جس کامقصد ریاستی حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل سے توجہ ہٹاناہے۔کویتا نے نوٹس کی اجرائی کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی یہ کارروائی چیف منسٹر ریونت ریڈی کے گندے سیاسی کھیل کا ایک اور ثبوت ہے۔
کویتا نے کہاکہ بی آرایس قائدین کو متواتر نوٹسوں کی اجرائی سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اس کے پس پردہ سیاسی بدنیتی کارفرماہے۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ چاہے کتنی ہی مشکلات پیدا کی جائیں اور سازشیں کی جائیں ۔کے سی آرکے سپاہی ہمیشہ ثابت قدم رہے ہیں اور آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے۔