ایس آئی آر مہم پر اظہرالدین کا انتباہ، "مسلم ووٹوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہو سکتی ہے”

حیدرآباد: وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم کے تعلق سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کے دوران مسلم ووٹروں کو خاص طور پر متاثر کئے جانے کا اندیشہ پایا جاتا ہے۔
گاندھی بھون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ مہم تمام ووٹروں کے لیے یکساں طور پر نافذ کی جا رہی ہے، تاہم بعض حلقوں میں یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ اس کی آڑ میں اقلیتی ووٹروں، خصوصاً مسلمانوں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی بعض ریاستوں میں بھی اس نوعیت کے اقدامات کے بعد سیاسی نتائج تبدیل ہوئے تھے، اس لیے تلنگانہ کے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
اظہرالدین نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے نام ووٹر لسٹ میں برقرار رکھنے کے لیے خود بھی فعال کردار ادا کریں اور نظرثانی کے عمل کے دوران تمام ضروری دستاویزات اور معلومات کی جانچ کرتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند ووٹوں کی کمی بھی انتخابی نتائج پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
اپنی تلگو زبان پر مہارت کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ وہ تلگو پڑھ اور لکھ سکتے ہیں، تاہم بولنے میں مکمل روانی حاصل نہیں کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ غلطی کے خدشے کے باعث وہ گفتگو کے دوران زیادہ محتاط رہتے ہیں، حالانکہ بچپن سے ہی تلگو زبان سے ان کا تعلق رہا ہے۔



