تلنگانہ گگ ورکرس نے ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں خدمات انجام دینے والے گِگ اور پلیٹ فارم ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے ریاستی حکومت تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔
ریاست کے وزیرِ محنت وویک نے حیدرآباد میں گِگ اور پلیٹ فارم ورکرز یونینوں کے قائدین کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں ان کے مطالبات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ورکرس کے نمائندوں نے وزیر کی توجہ کیب ڈرائیوروں اور فوڈ و پارسل ڈیلیوری ورکرز کو درپیش اہم مسائل کی جانب مبذول کرائی
جن میں اجرتوں میں تفاوت، کم از کم آمدنی کا تحفظ، اور بیس پرائس (کم از کم کرایہ/چارجز) کا تعین شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر وویک نے کہا کہ حکومت گِگ ورکرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے بیس پرائس مقرر کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح یقین دہانی کرائی کہ ورکرس کی فلاح و بہبود کے لیے اس ماہ کی 15 تاریخ تک نئے قواعد و ضوابط متعارف کروائے جائیں گے۔وزیر کی اس اہم یقین دہانی کے بعد، تلنگانہ ایگریگیٹرز اینڈ ڈرائیورز فیڈریشن (TADF) کے نمائندوں نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ وہ ہفتہ (8 اگست) سے شروع ہونے والی ریاست گیر ہڑتال کو واپس لے رہے ہیں۔
حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں گِگ اور پلیٹ فارم ورکرس کو بڑی راحت حاصل ہوئی۔



