سرکاری اساتذہ روزانہ ایک گھنٹہ زیادہ کام کریں، 19 لاکھ طلبہ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے: چیف منسٹر ریونت ریڈی

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری اساتذہ سے روزانہ ایک گھنٹہ اضافی کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچر کی ملازمت صرف ایک نوکری نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری اور بوجھ بھی ہے۔
چیف منسٹر نے محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام 11 تا 17 مئی منعقد ہونے والے ’’ودیا واروتسو‘‘ پروگرام کا پیر کے روز ایل بی اسٹیڈیم میں افتتاح کیا۔ اس موقع پر کور اربن ریجن کے تحت 1700 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔
بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو اساتذہ کو تنخواہیں ادا کر رہی ہے، جبکہ ریاست کے 19 لاکھ طلبہ کا مستقبل اساتذہ کے ہاتھوں میں ہے، اس لیے انہیں اضافی وقت دے کر کام کرنا چاہیے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں گھنٹی بجانے، صفائی کرنے اور طلبہ کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے عملے کی بھی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کٹس کے لئے حکومت ایک ہزار کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ اگر کوئی کمپنیاں غیر معیاری سامان فراہم کرتی ہیں تو انہیں بلیک لسٹ کرنے اور جیل بھیجنے کی ذمہ داری وہ خود لیں گے۔



