جگتیال کے مسلم طبقہ کو ریاستی سطح پر نامزد عہدوں میں نمائندگی دینے کا مطالبہ – کل جماعتی مسلم وفد کی رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار سے نمایندگی

جگتیال کے مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی قائدین پر مشتمل ایک اہم وفد نے رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم۔ سنجے کمار سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی سطح پر نامزد عہدوں میں مسلم طبقہ کو مناسب نمائندگی دینے کا پُرزور مطالبہ کیا۔ وفد نے اس سلسلے میں ایک تفصیلی یادداشت بھی پیش کی۔
وفد میں مختلف سیاسی جماعتوں، مساجد و دینی اداروں کے ذمہ داران، میونسپل کونسلرس، سماجی تنظیموں کے قائدین اور نوجوانان جگتیال شامل تھے۔ وفد نے کہا کہ جگتیال ایک بڑی مسلم آبادی والا حلقہ ہے اور یہاں کے مسلمانوں نے ہمیشہ کانگریس پارٹی کی بھرپور حمایت کی ہے۔ میونسپل، اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں مسلم ووٹرس نے ہر مرحلہ پر کانگریس کا ساتھ دیا۔
قائدین نے افسوس ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت قائم ہوئے ڈھائی سال مکمل ہونے کے باوجود جگتیال کے کسی بھی مسلم قائد کو اب تک ریاستی سطح پر کوئی نامزد عہدہ نہیں دیا گیا۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ کانگریس پارٹی کے سینئر قائد، ٹی پی سی سی لیڈر اور سابق صدر ملت اسلامیہ جگتیال جناب میر کاظم علی کو اسٹیٹ کارپوریشن چیئرمین کے عہدہ پر نامزد کیا جائے۔ اس کے علاوہ ایک اور مسلم قائد کو ڈائریکٹر کے عہدہ سے نوازنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ مسلم طبقہ کو انصاف مل سکے اور کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہو۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم۔ سنجے کمار نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ میر کاظم علی کے لیے مناسب نامزد عہدہ دلانے کی سنجیدہ کوشش کریں گے۔
وفد میں امیر تبلیغی جماعت جگتیال ضلع جناب شرف الدین، صدر جمعیت العلماء حافظ سید شمس الدین تبریز، صدر اہل حدیث عبدالجلیل، جنرل سکریٹری اہل سنت والجماعت ایم اے سلیم عابد، مجلس کے ضلع صدر خواجہ لیاقت علی محسن، صدر قاضی جگتیال ضلع قاضی مقصود علی متین، مجلس جگتیال ٹاؤن صدر سمیر الدین آزاد، کونسلر ایم اے رضی الدین، ڈاکٹر محمد ایوب خان، مجاہد عادل، شیخ نذیر احمد، عرفان جعفر رشید، خواجہ امیر الدین، عبدالرحمن، عارف حسین، محمد ریاض الدین سمیت مختلف جماعتوں اور تنظیموں کے قائدین و نوجوان شریک تھے۔
وفد نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت جلد جگتیال کے مسلم طبقہ کی خدمات اور وفاداری کا اعتراف کرتے ہوئے مناسب نمائندگی فراہم کرے گی۔




