حج 2026: تلنگانہ کے حجاج کرام کی وطن واپسی کا آغاز، 428 حجاج کا پہلا قافلہ حیدرآباد پہنچ گیا
حیدرآباد: فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے تلنگانہ کے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ جمعہ 12 جون سے شروع ہوگیا۔ سعودی عرب میں مناسکِ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کا پہلا قافلہ صبح 6 بجے شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت پہنچا، جس میں 428 حجاج شامل تھےجہاں ان کے استقبال کے لیے پرتپاک انتظامات کیے گئے تھے۔
تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کرام کی آمد کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ایئرپورٹ پر حجاج کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور خیرخواہوں کی بڑی تعداد صبح سویرے ہی جمع ہوگئی تھی۔ اپنے عزیزوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد بحفاظت وطن واپس دیکھ کر اہل خانہ کی خوشی دیدنی تھی۔
حجاج کرام کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ کئی افراد نے اپنے عزیزوں کا گلے لگا کر استقبال کیا جبکہ بعض خاندانوں نے پھولوں کے ہار پیش کرکے مبارکباد دی۔ حجاج نے بھی حج کے روحانی تجربات اور مقدس مقامات کی زیارت کی سعادت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
حج کمیٹی کے عہدیداروں اور رضاکاروں نے حجاج کی رہنمائی، امیگریشن اور سامان کی وصولی سمیت دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ واپس آنے والے عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران مزید خصوصی پروازوں کے ذریعے تلنگانہ کے سیکڑوں حجاج کرام مختلف مرحلوں میں حیدرآباد پہنچیں گے۔ حج کمیٹی نے تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے حجاج اور ان کے گھر والوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔




