کریم نگر ضلع میں شدید بارش۔ کئی کالونیاں زیرِ آب، گھروں میں بارش کا پانی داخل

کریم نگر: ضلع کریم نگر میں موسلا دھار بارش کے باعث کئی کالونیاں زیرِ آب آ گئیں۔ سبھاش نگر اور آدرش نگر کالونیوں میں پانی بھر جانے سے بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ مقامی کارپوریٹر انجن کمار نے امدادی کارروائیاں
شروع کرتے ہوئے پروکلینر مشینوں کے ذریعے ڈرینیج لائنوں کی صفائی کروا کر پانی کی نکاسی کے اقدامات کیے۔شہر میں شدید بارش کے سبب کٹارام پور ناگنّا چوراستہ کے قریب ایک مکان کی چار دیواری منہدم ہو گئی جبکہ اس کے ساتھ
موجود ایک بڑا درخت بھی گر پڑا۔ ملبہ قریب کھڑی ایک کار پر گرنے سے گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔ اس واقعے سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جس پر مقامی لوگوں نے
راحت کی سانس لی۔ حکام نے بارش کے دوران عوام کو پرانی دیواروں اور بڑے درختوں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔شدید بارش کے باعث قریب موجود ڈرینیج نالہ ابل پڑا جس سے کریم نگر رجسٹریشن آفس کا پورا احاطہ
پانی میں ڈوب گیا۔ادھر کریم نگر رورل منڈل کے بومکل گاؤں میں بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ ایک مقامی شخص موبائل فون پر بارش کی ویڈیو بنا رہا تھا کہ قریب ہی بجلی گرنے سے وہ گھبرا گیا۔ اس واقعے
کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ جہاں بارش کی وجہ سے شہریوں کو گرمی سے راحت ملی وہیں دوسری جانب گھروں میں پانی داخل ہو جانے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ موسم برسات کے آغاز سے قبل نالوں کی صاف صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کو بہتر بنایا جاتا تو آج یہ صورتحال نہیں ہوتی۔ان کا کہنا ہے کہ جنگی خطوط پر نالوں کی صاف صفائی کا کام کروایا جائے تاکہ بارش کا پانی گھروں میں داخل نہ ہو۔
واضح رہے کہ ریاست کے دیگر اضلاع سے بارش کی اطلاعت موصول ہوئی ہیں۔



