تلنگانہ

بی جے پی لیڈر مہیندر کے خلاف کوئی ریمارک نہیں کیا، صرف مہیندر کے رویہ کی مخالفت کی : عادل آباد بلدیہ کے وائس چیئرمین ظہیر رمضانی

عادل آباد۔17/مئی(اردو لیکس)عادل آباد میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے کہا کہ انہوں نے صرف بی جے پی لیڈر کے غلط رویہ کی مخالفت کی جو میونسپل آفس میں عملہ اور عہدیداروں پر غیر ضروری دباؤ ڈال رہا تھا۔ظہیر رمضانی نے واضح کیا کہ حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کام نہیں کیا۔اس سلسلہ میں انہوں نے مقامی الیکٹرانک میڈیا پریس کلب میں منعقد کی گئی میڈیا کانفرنس میں کئی بی آر ایس پارٹی کونسلروں اور رہنماؤں کے ساتھ شرکت کی اور اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔

وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے کہا کہ بی جے پی لیڈر مہیندر میونسپل آفس کے عہدیداروں اور عملہ پر غیر ضروری دباؤ ڈال کر انہیں پریشان کررہا تھا اسی لئے مجھے شخصی طور پر بحیثیت میونسپل وائس چیرمین مداخلت کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر گندرت مہیندر سے سوال کرنا پڑا۔اور بی جے پی لیڈر کی جانب سے عہدیداروں سے غلط رویہ کے خلاف بات چیت کے دوران معمولی بحث و تکرار کو اپوزیشن زعفرانی پارٹی قائدین غیر ضروری بڑھاوا دیتے ہوئے ذات پات اور مذہبی رنگ دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ظہیر رمضانی نے اس معاملے پر بی جے پی کے ضلع صدر پائل شنکر کی جانب سے کیے گئے تبصرہ کی تردید کرتے ہوئے انہیں اوچھی سیاست سے باز آنے کا مشورہ دیا اور انکے تبصرے کو نا مناسب قرار دیا۔پائل شنکر کو سیاسی فائدے کے لیے بات کرنے کے انداز کو بدلنے کا بھی مشورہ دیا۔

 

اور واضح کیا کہ وائرل ویڈیو میں بھی انہوں نے کہیں بھی ذات پات کا ذکر نہیں کیا۔کہا کہ پائل شنکر کے تبصروں نے غیر ضروری تنازعات کو ہوا دی ہے۔جس کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔ایم ایل اے جوگورامنا کی قیادت میں شہر کی ترقی اپوزیشن سے دیکھی نہیں جارہی ہے۔اور اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر حکمران جماعت اور حکمران جماعت کے قائدین پر الزام تراشیوں میں مصروف ہیں۔عوام کو اپوزیشن کی اوچھی سیاست کا جواب دینا چاہیے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ وہ بلا تفریق ذات پات اور مذہب سب کی بہتری کے لیے بحیثیت میونسپل وائس چیرمین خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کا کسی بھی ذات کو بدنام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اس پریس کانفرنس میں کونسلر اوولا وینکنا،سائی پرنئے،قائدین کونڈا گنیش،دھما پال،محمد مبین، سنجے،کو آپشن ممبر محمد اعجاز،وارڈ 35 صدر عتیق الرحمن،سید محسن،ایوب خان،ابراھیم،آصف اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button