حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹس سے سنسنی – بڑا حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد – حیدرآباد کے شمس آباد میں واقع راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کی نصف شب ایک سنگین واقعہ پیش آیا، جب جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے آنے والی لفتھانسا کی پرواز لینڈنگ کے لیے تیار تھی کہ اچانک لیزر لائٹس طیارے کے کاک پٹ پر ڈالی گئیں۔
پائلٹ کی بروقت مستعدی کے باعث طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ تاہم پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔
پائلٹ کی شکایت پر ہوائی اڈہ انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ معلوم کیا جا رہا ہے کہ لیزر لائٹس کس مقام سے ڈالی گئیں۔ اس سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اے ٹی سی حکام نے کہا ہے کہ طیاروں کی ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹس کا استعمال انتہائی خطرناک ہوتا ہے، کیونکہ اس سے پائلٹ کی بینائی عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی حرکت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔




