نیشنل

پٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر عائد پابندیوں سے متعلق مرکز کا اہم فیصلہ

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے ملک بھر کے پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی تجارتی خرید و فروخت پر عائد عارضی پابندیاں واپس لے لی ہیں۔ وزارتِ پیرولیم و قدرتی گیس نے 12 جون کو مغربی ایشیا میں کشیدگی کے باعث جاری کیے گئے عارضی احکامات کو منسوخ کر دیا ہے۔

 

وزارت کے مطابق نئی ہدایات یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔ حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول پر آ چکی ہے اس لیے پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی کے باعث خام تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

 

اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کر مصنوعی قلت پیدا کیے جانے کے امکان کے پیشِ نظر مرکزی حکومت نے عارضی پابندیاں نافذ کی تھیں۔ان پابندیوں کے تحت ایک صارف یا ایک گاڑی کو ایک دن میں 200 لیٹر سے زیادہ ڈیزل فروخت کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

 

اس کے علاوہ صنعتی اداروں کو فروخت کیے جانے والے ڈیزل کی قیمت ریٹیل قیمت کے مقابلے میں فی لیٹر تقریباً 40 روپے زیادہ تھی، جس کے باعث بعض مقامات پر صنعتی استعمال کے لیے ڈیزل کی خریداری بڑھ گئی اور پیٹرول پمپوں پر قلت پیدا ہونے لگی۔ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے حکومت نے یہ عارضی پابندیاں نافذ کی تھیں۔

 

اب جبکہ حالات معمول پر آ گئے ہیں حکومت نے انڈین آئل، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم کے تمام ریٹیل آؤٹ لیٹس پر عائد یہ پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button