گلی کی کرکٹ سے بین الاقوامی پچ تک محبوب نگر کے آل راؤنڈر محمد عدنان الدین نے کینیا میں بنائی پہچان، لیجنڈ ڈیوڈ اوبویا کا لیا انٹرویو
گلی کرکٹ سے بین الاقوامی پچ تک محبوب نگر کے آل راؤنڈر محمد عدنان الدین نے کینیا میں بنائی پہچان، لیجنڈ ڈیوڈ اوبویا کا لیا انٹرویو
محمد فرید صدیق
محبوب نگر / نیروبی: تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے ۲۱ سالہ باصلاحیت آل راؤنڈر محمد عدنان الدین نے کرکٹ کے میدان پر ایک نیا باب شروع کیا ہے۔ محبوب نگر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (MDCA) سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والے عدنان الدین کا انتخاب کینیا (نیروبی) میں منعقدہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے ہوا۔ کینیا کے دورے کے دوران جہاں انہوں نے گراؤنڈ پر اپنے شاندار کھیل سے سب کو متاثر کیا، وہیں کینیا کے سابق بین الاقوامی کرکٹر، آئی سی سی ٹیوٹر اور اوبویا کرکٹ اکیڈمی کے بانی ڈیوڈ اوبویا سے ایک خصوصی انٹرویو لے کر نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی حاصل کی۔
محمد عدنان الدین کا کرکٹ کیریئر محنت اور مسلسل کامیابیوں سے عبارت رہا ہے۔ انہوں نے اسکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا (SGFI) کے تحت انڈر-14، انڈر-17 اور انڈر-19 نیشنل چیمپئن شپ (ناسک اور محبوب نگر) میں تلنگانہ کی نمائندگی کی۔ اس کے ساتھ ہی حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (HCA) کے تحت انڈر-16 اور انڈر-19 ناک آؤٹ سمیت ایچ سی اے اے-1 ٹو ڈے اور تھری ڈے پریمیئر لیگ میچز میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈومیسٹک سطح پر ایم پی ایل (محبوب نگر پریمیئر لیگ)، ایناڈو پریمیئر لیگ، ساکشی پریمیئر لیگ اور ساؤتھ زون انٹر یونیورسٹی ٹورنامنٹس میں نمایاں رہنے کے بعد انہوں نے نیپال میں منعقدہ ‘کھیلو بھارت یوتھ گیمز انٹرنیشنل سیریز’ میں شرکت کر کے پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی درج کروا دی تھی۔
کینیا دورے کے دوران ڈیوڈ اوبویا کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں عدنان الدین نے مقامی کرکٹ سے عالمی معیار تک پہنچنے کے اہم پہلوؤں پر بات کی۔ ڈیوڈ اوبویا نے انہیں اور بھارت کے تمام ابھرتے ہوئے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے موبائل اور انٹرنیٹ کی مصروفیات سے دور رہ کر صرف ڈسپلن، محنت اور ورک ایتھکس پر توجہ دیں۔ اوبویا نے زور دے کر کہا کہ اگر کامیابی کا دروازہ فوری نہ کھلے تو مسلسل کوشش کرتے رہیں، صبر کا دامن تھامے رکھیں اور ہمیشہ اپنے پروسیس پر بھروسہ رکھیں۔
جرسی نمبر 18 پہن کر کھیلنے والے محمد عدنان الدین کی اس بین الاقوامی پیش رفت نے نہ صرف محبوب نگر بلکہ پورے تلنگانہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ مقامی کرکٹ شائقین، اسپورٹس آفیشلز اور شہریوں نے انہیں ان کے روشن مستقبل کے لیے ڈھیروں دعائیں اور مبارکباد پیش کی ہے۔



