مہیش کمار گوڑ کی خواہش پر راہول گاندھی نے بدلا لباس – صبح کی خواہش شام کو پوری، چاکلیٹ بھی پیش کی
حیدرآباد، 14 نومبر (اردو لیکس) کانگریس کے سینئر قائد راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جس نے سیاسی سرگرمیوں کے درمیان سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ کی ایک چھوٹی سی فرمائش پر راہول گاندھی نے نہ صرف مسکراتے ہوئے رضامندی ظاہر کی بلکہ چند گھنٹوں میں اسے پورا بھی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گگ ورکرس کی فلاح و بہبود سے متعلق اسکیم کے افتتاح کے بعد منعقدہ جلسہ عام میں مہیش کمار گوڑ نے راہول گاندھی سے کہا کہ وہ کرتا پائجامہ پہنا کریں، کیونکہ یہ لباس ان پر خوب جچتا ہے۔ انہوں نے راہول گاندھی سے روزانہ کرتا پائجامہ پہننے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
مہیش گوڑ کی اس فرمائش پر راہول گاندھی نے مسکراتے ہوئے سوال کیا کہ آخر کرتا پائجامہ کیوں پہننا چاہئے؟ اس پر مہیش گوڑ نے جواب دیا کہ اس لباس میں وہ اچھے دکھائی دیں گے۔ راہول گاندھی نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں ایک چاکلیٹ پیش کی۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ صبح ہونے والی اس گفتگو کا اثر شام ہی میں دکھائی دیا۔ راہول گاندھی بھارت سمٹ کی اختتامی تقریب میں کرتا پائجامہ پہن کر پہنچے تو مہیش کمار گوڑ کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ یوں مہیش گوڑ کی ایک مختصر سی خواہش چند گھنٹوں میں پوری ہوگئی اور راہول گاندھی کے لباس کی تبدیلی دورہ حیدرآباد کا ایک دلچسپ یادگار لمحہ بن گئی۔




